ڈائریکٹر این ٹی ایس ہارون رشید کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
راولپنڈی:(ملت آن لائن) کسٹم عدالت نے این ٹی ایس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ہارون رشید کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری اور ان کے خلاف اخبارات میں اشتہار جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ راولپنڈی کی خصوصی کسٹم عدالت میں سوا 3 ارب روپے کی منی لانڈرنگ اور انکم ٹیکس چوری کے کیس کی سماعت جج شیراز کیانی نے کی۔ کیس کے ملزمان ڈاکٹر جنید زیدی، ڈاکٹر اظہار حسین، ڈاکٹر سہیل غنی، ڈاکٹرشاہد اعوان اور ڈاکٹر شیرزادہ خان پیش ہوگئے تاہم این ٹی ایس کے ڈائریکٹر ہارون رشید وارنٹ گرفتاری جاری ہونے اور عدالتی حکم کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
ہارون رشید کے وارنٹ گرفتاری جاری
کسٹم انسپکٹر رحیم نے عدالت میں بیان دیا کہ ملزمان پر سوا 3 ارب کی منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کا الزام ہے لیکن ڈاکٹر ہارون دانستہ طور پر روپوش ہیں لہذٰا عدالت ان کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم جاری کرے۔ پراسیکیوٹر کسٹم امین فیروز نے بیان دیا کہ اسلام آباد میں واقع این ٹی ایس کی عمارت منی لانڈرنگ سے بنائی گئی جب کہ این ٹی ایس کے 15 خفیہ اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی سامنے آچکی ہیں عدالت سے استدعا ہے کہ یہ اکاؤنٹس ضبط کئے جائیں۔ عدالت نے مفرور ڈاکٹرہارون رشید کی جائیداد، اکاؤنٹس ضبطگی کے لئے فہرست طلب کرلی جب کہ ہارون رشید کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 28 فروری تک ملتوی کردی۔ ڈپٹی کمشنر انکم ٹیکس نے بھی تمام ملزمان کو شوکاز نوٹسز جاری کردیئے۔