ملت انٹرویو

کوہاٹ، میڈیکل طالبہ کا با اثر قاتل دوسرے روز بھی آزاد

میڈیکل طالبہ کا

کوہاٹ میں شادی سے انکار پر میڈیکل طالبہ کا با اثر قاتل دوسرے روز بھی آزاد

کوہاٹ: (ملت آن لائن) کوہاٹ میں شادی سے انکار پر میڈیکل طالبہ کا با اثر قاتل مجاہد دوسرے دن بھی آزاد ہے۔ تھانہ ٹاؤن شپ میں 2 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج لیکن پولیس تاحال ملزمان کو گرفتار نہ کر سکی۔ گزشتہ روز رشتہ سے انکار پر قتل ہونے والی میڈیکل کالج کی طالبہ کی میت تدفین کے لئے آبائی علاقہ سرائے نورنگ ضلع لکی مروت پہنچا دی گئی۔ طالبہ عاصمہ رانی پر ملزم مجاھداللہ اس کے بھائی صادق اللہ نے گھر کے سامنے رکشہ سے اترتے وقت فائرنگ کی تھی اور ملزم فرار ہو گئے تھے۔ مقتولہ ایبٹ آباد میڈیکل کالج کی تھرڈ ائیر کی طالبہ تھی مقتولہ کے بھائی کے مطابق ملزم مجاھد اللہ اس کی بہن کے ساتھ شادی کا خواہش مند تھا لیکن پہلے سے شادی شدہ ہونے کی بنا پر ہم نے انکار کیا تھا جس کا ملزم کو رنج تھا۔ ملزمان کے خاندانی ذرائع کے مطابق ملزم مجاہد اللہ دبئی فرار ہو گیا ہے لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تصدیق نہیں ہوئی ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

…………………………….

اس خبر کو بھی پڑھیے…مانسہرہ میں موٹے پولیس اہلکاروں کو فٹنس کیلئے45 روز کی ڈیڈ لائن

مانسہرہ:(ملت آن لائن) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں موٹے پولیس اہلکاروں کی شامت آگئی اور انہیں فزیکل فٹنس کے لیے 45 روز کی ڈیڈ لائن دے دی گئی۔ اسکول آف آپریشن مانسہرہ میں زیادہ وزن کے حامل پولیس اہلکاروں کی چربی گھٹانے کے لیے 45 روز کی انتہائی سخت ٹریننگ کا بندوبست کیا گیا ہے۔ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ندیم شہزاد بخاری کا کہنا ہے کہ 2 سال میں ضلع بھر میں کوئی زیادہ وزن کا حامل کوئی اہلکار نہیں نظر آئے گا۔ پولیس اہلکاروں کی ٹریننگ کے لیے ایس ایس جی (اسپیشل سروسز گروپ) اور اے ٹی ایس (اینٹی ٹیرارزم اسکواڈ) ٹرینرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جنہوں نے زیادہ وزن کے حامل اہلکاروں کے لیے خصوصی ٹریننگ شیڈول مرتب کیا ہے۔ ڈی پی او ندیم شہزاد بخاری کا کہنا تھا کہ 2 سال میں ہم تمام ضلع کی پولیس کے تمام سپاہیوں کو شارٹ اے ٹی ایس کورس کروا چکے ہوں گے اور وہ اس قابل ہوں گے کہ اچھی پروفیشنل اور آپریشنل سرگرمیاں سرانجام دے سکیں۔ زیادہ وزن کے حامل اہلکاروں کے لیے خصوصی ٹریننگ شیڈول مرتب کیا گیا ہے—۔جیو نیوز اسکرین گریب دوسری جانب پولیس اہلکار اس ٹریننگ سے بے حد مطمئن نظر آتے ہیں۔ ایک اہلکار کا کہنا تھا، ‘یہ ہماری فٹنس کا کورس ہے، یہاں ہم صبح 4 کلومیٹر دوڑتے ہیں، پانچ چھ دن کے اندر میں نے اپنا وزن بھی چار پانچ کلو کم کرلیا ہے اور امید ہے کہ 45 دنوں میں کم از کم 30 کلو وزن کم کروں گا۔’ ایک اور اہلکار کا کہنا تھا، ‘ہم پہلے 10 قدم بھی نہیں چل سکتے تھے اور ہمیں دوڑنے میں بڑی دشواری ہوتی تھی، لیکن اب ہم دو میل تک دوڑ سکتے ہیں اور بڑی آسانی سے اپنا اسٹیمنا برقرار رکھ سکتے ہیں’۔ دوسری جانب ڈی پی او کا کہنا ہے کہ جو اہلکار 45 روز میں اسمارٹ نہ ہوئے انہیں اگلے 45 روز اس سے بھی سخت ٹریننگ کا سامنا کرنا پڑے گا۔