واشنگٹن: (اے پی پی) امریکہ میںپاکستانیوں نے بدھ کو عیدالفطر روایتی مذہبی جوش و جذبہ سے منائی۔ ورجینیا اور میری لینڈ کے علاوہ امریکہ کی ریاستوں اور شہروں میں اسلامک سنٹرز اور مساجد میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔ ورجینیا میں قدیم اسلامک سنٹر دارلہدیٰ نے پانچ جگہوں پر نماز عید کے اجتماعات کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر علماء کرام اور امام صاحبان نے سعودی عرب میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات بالخصوص مقدس شہر مدینہ منورہ میں ہونے والے دہشت گردی کے مذموم واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے دارلہدیٰ میں نماز عید ادا کی۔ اس موقع پر امریکہ سمیت دنیا بھر بالخصوص مادر وطن پاکستان میں امن کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ نماز عید کے موقع پر وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے دعائیں مانگی گئیں جن کی حال ہی میں لندن میں دل کی سرجری ہوئی ہے۔ نماز عید کے اجتماعات میں امام صاحبان اور علماء کرام نے اس بات کو اجاگر کیا کہ اسلام ایک پرامن مذہب ہے جو کسی بھی قسم کے تشدد کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ جو مذہب کے نام پر لوگوں کو قتل کر رہے ہیں ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ دریں اثناء امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے سعودی عرب کے شہروں جدہ، قطیف اور مدینہ منورہ میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس مشکل گھڑی میں سعودی عرب کے عوام کے ساتھ ہیں کیونکہ وہ اس وقت دہشت گردی کی لعنت کا مقابلہ کر رہے ہیں۔