اسلام آباد:(ملت+اے پی پی) اوورسیزپاکستانیز فاؤنڈیشن نیسمندر پارپاکستانیوں کی خدمات اور ملکی ترقی میں ان کے کردار کو سراہنے کے لئے 18دسمبر سے تارکین وطن کے عالمی دن کی مناسبت سے ہفتہ تقریبات منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ہفتہ تقریبات کے دوران 18تا 22 دسمبر تک کالجوں کے طلباء کے مابین مباحثہ ،کرکٹ میچ، پینٹنگ مقابلے اور بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔ان تمام سرگرمیوں کے مقاصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا اور ملکی ترقی میں ان کے کردار کو یادرکھنا ہیں ۔بیرون ملک مقیم پاکستانی سالانہ 20 بلین امریکی ڈالر کا زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں جس کا ملکی معیشت کی مضبوطی میں اہم کردار ہے۔تارکین وطن کے عالمی دن کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین اوپی ایف بورڈ آف گورنرز بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی مادر وطن کا سرمایہ ہیں۔ملکی معیشت کی بہتری میں ان کا مثبت کردار اورا ن کی صلاحیتیں انہیں پاکستان کی تعمیر وترقی اور خوشحالی میں منفرد شراکت دار بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سمندر پارپاکستانیوں کی صلاحیتوں سے مستفید ہوکر دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنا چاہتی ہے۔ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کا تشخص اجاگرکرنے میں اہم کرداراداکریں اس لئے اوورسیز پاکستانی ایڈوائزری کونسل (اوپیک)تشکیل دی جارہی ہے تاکہ سمندر پارپاکستانیوں کی آراء سے مستفید ہوں اور ان کے لئے فلاح وبہبودکے لئے سہولیات میں مزید اضافہ کیا جائے۔بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ سمندر پارپاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی اور ان کی شکایات کا ازالہ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔چیئرمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اوپی ایف کو مزید فعال اور موثر ادارہ بنایا جائے گا تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور ان کے اہل خانہ کو زیادہ سے زیادہ سہولیات پہنچائی جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تارکین وطن کا عالمی دن منانا حکومت کا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ خلوص اور ترجیحات کی عکاسی کرتاہے۔منیجنگ ڈائریکٹر حبیب الرحمن گیلانی نے کہا کہ اوپی ایف ہمیشہ سمندر پارپاکستانیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے اور ہم مستقبل میں بھی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کاساتھ دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سمندر پارپاکستانیوں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح وبہبود کے لئے ہر شعبہ ہائے زندگی میں خدمات سرانجام دے رہاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تارکین وطن کے عالمی دن کی مناسبت سے ہفتہ تقریبات منانے کا مقصد سمند ر پارپاکستانیوں اور ان کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کرناہے۔