لاہور:(اے پی پی ) پنجاب شمائل احمد خواجہ نے صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات ترجیحی بنیادوں پر حل کی جائیں اور اس مقصد کیلئے ڈسٹرکٹ اوور سیز کمیٹیوں کا اجلاس ہر پندرہ دن منعقد کیا جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن (اوپی سی) پنجاب کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ کمشنر اوپی سی افضال بھٹی، ڈائریکٹر جنرل ندیم سرور اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل( پولیس میٹرز) کیپٹن (ر) احمد مبین نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے ضلعی وپولیس حکام ویڈیولنک کے ذریعہ اجلاس میں شریک ہوئے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے کی جانے والی کارر وائی کو باقاعدگی سے او پی سی پنجاب کے کمپلینٹ ویب پورٹل پر اپ لوڈ کیا جائے۔ کمشنرافضال بھٹی نے اجلاس کے شرکاء کو او پی سی پنجاب کی کارکردگی اور اوور سیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ شمائل احمد خواجہ نے ملتان اور ڈیرہ غازی خان کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اوور سیز پاکستانیوں کی ریونیو سے متعلقہ شکایات کو تیز رفتاری سے نمٹانے کیلئے ہر ہفتے اجلاس منعقد کیا جائے ۔ اجلاس کے دوران اوور سیز پاکستانیوں کی مختلف محکموں سے متعلقہ شکایات پر تفصیلی غوروخوض بھی کیا گیا۔