خبرنامہ

اوور سیز پاکستانی ہمارے سفیر ہیں، مسائل حل کریں گے، گورنر پنجاب

لندن ،،،گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے گزشتہ روز لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کا دورہ کیا اور ہائی کمیشن کے حکام کے ساتھ تبادلہ خیالات کیا، ہائی کمیشن آمد پر پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نے گورنر کا استقبال کیا اس موقع پر ہائی کمشنر کے درخواست پر گورنر پنجاب نے ہائی کمیشن کے عملے کو عام پاکستانیوں بالخصوص اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا، گورنر نے اوورسیز پاکستانیوں کو بہتر خدمات کی فراہمی پر زور دیا اور انھیں پاکستان کا سفیر قرار دیا، انھوں نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے برٹش پاکستانیوں کی خدمات کی تعریف کی گورنر نے بتایا کہ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو وفاقی اور پنجاب کی سطح پر اوورسیز پاکستانی کمیشن فراہم کرکے ان کے مسائل حل کرنے کیلئے جامع میکانزم قائم کیا ہے، گورنر نے مغربی دنیا میں پاکستان کے بارے میں تصور کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا انھوں نے کہا کہ پاکستان میں حقائق مغربی میڈیا کی جانب سے قائم کئے گئے تصور سے کہیں زیادہ بہتر ہیں۔ گورنر نے کہا کہ پنجاب میں جامعات کا چانسلر ہونے کی حیثیت سے انھوں نے تعلیم کا معیار بہتر بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے اور بلوچستان کے طلبہ کیلئے تعلیمی مواقع میں اضافہ کرنے کیلئے پنجاب کی یونیورسٹیوں کیلئے ان کے کوٹے میں اضافہ کرنے کیلئے خصوصی اقدام کئے ہیں، اس موقع پر ہائی کمشنر نے انھیں ہائی کمیشن کے کردار اور اس کی ذمہ داریوں کے حوالے سے بریفنگ دی، اس موقع پر انھوں نے مشن اور قونصلر سروسز کو بہتر بنانے میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے معاونت اور مدد کا اعتراف کیا، گورنر پنجاب نے اس موقع پر ہائی کمیشن کے عملے کے ارکان کے مختلف سوالات کے جواب بھی دئے اور کمیونٹی کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہائی کمیشن کی کوششوں میں مدد دینے کا وعدہ کیا۔ –