لاہور:(اے پی پی) کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن (او پی سی) پنجاب افضال بھٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ او پی سی کو اب تک بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی 4 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئی ہیں، جن میں سے 50 فیصد حل کی جاچکی ہیں۔ یک محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی پنجاب کے سرکاری اداروں سے متعلق شکایات کے ازالے کے او پی سی بھرپور اور مؤثر کردار ادا کررہا ہے اور اوورسیز پاکستانی اپنے کسی بھی مسئلے کے حل کیلئے اس ادارے سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جارہا ہے اور ایک کمپلینٹ ویب پورٹل کی مدد سے شکایات متعلقہ اداروں تک پہنچا کر ان کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کی جاتی ہے۔ کمشنر او پی سی کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور او پی سی کے قیام کا مقصد ان کے مسائل کو جلد ازجلد حل کرنا ہے۔ وہ بولے کہ او پی سی کی اضلاع کی سطح پر قائم کمیٹیاں بھی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے مؤثر کردار ادا کر رہی ہیں۔