خبرنامہ

تارکین وطن پاکستانیوں سے سکائپ کے ذریعے مشاورت جاری ہے:وفاقی محتسب سیکریٹریٹ

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) وفاقی محتسب سلمان فاروقی کی ہدایات پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا قومی دن منانے کے حوالے سے تارکین وطن پاکستانیوں سے سکائپ کے ذریعے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ وفاقی محتسب سیکریٹریٹ کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا قومی دن 18 دسمبر کو منایا جائے گا۔ اس دن کو منانے کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔ وفاقی محتسب سلمان فاروقی کی ہدایت پر پہلی بار بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے یہ دن منایا جا رہا ہے۔ اس دن کو بھرپور انداز میں منانے کے لئے تیاریوں اور انتظامات کا سلسلہ جاری ہے۔ وفاقی محتسب کے سینئر ایڈوائزر اور گریوینس کمشنر برائے اوورسیز پاکستانیز حافظ احسان احمد کھوکھر بیرون ملک پاکستانی مشنوں اور پاکستانی کمیونٹی سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں امریکا اور اٹلی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے سکائپ کے ذریعے مشاورت کی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ احسان احمد کھوکھر نے پاکستانی کمیونٹی کو وفاقی محتسب کے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے قومی دن کے موقع پر تارکین وطن پاکستانیوں کو ان کی خدمات پر تعریفی اسناد دی جائیں گی۔