اسلام آباد ۔ 04 ستمبر (اے پی پی) وفاقی محتسب محمد سلیمان فاروقی کی ہدایت پر دنیا بھرمیں پاکستان کے 116ملکوں میں سفارتخانوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات ہفتہ وار بنیادوں پر سننا شروع کردیں ہیں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے سے متعلق رپورٹس وفاقی محتسب کو بھیجی جارہی۔ یہ با ت وفاقی محتسب کے سینئر ایڈوائزر اور گریوینس کمشنر برائے اوورسیز پاکستانیز حافظ احسان احمد کھوکھر نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتائی۔ انہوں نے کہا کہ جن ملکوں میں پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی تعینات ہیں ان ملکوں میں مقیم پاکستانیوں کی شکایات سکائپ اور ویڈیو لنک کے ذریعہ سننے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ابتدائی طور پر سعودی عرب، اٹلی، مسقط اور دیگرملکوں میں مقیم پاکستانیوں کی شکایات سکائپ اور ویڈیو لنک کے ذریعہ سنی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب نے وزارت سمندر پار پاکستانیز ، اوور سیز پاکستانیز فاؤنڈیشن اور بیورو آف امیگریشن کو ہدایت کی ہے کہ 18 دسمبرکو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے قومی دن کے طور پر منانے کیلئے اقدامات کئے جائیں، اس دن کو منانے کا مقصد بیرون ملک مقیم 81 لاکھ پاکستانیوں کی ملک کے لئے خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان ، وزارت برائے سمندر پار پاکستانیز اور بیورو آف امیگریشن کے تعاون سے بینکوں کے ذریعہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ترسیلات زر میں اضافہ کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے آگہی مہم جلد شروع کی جائے گی۔ اس حوالے سے مختلف ممالک میں تعینات کئے گئے نئے انفارمیشن آفیسرز کو آئندہ ہفتے بریفنگ کیلئے طلب کیا گیا ہے۔حافظ احسان احمد کھوکھرنے کہا کہ تارکین وطن کی شکایت کے بروقت ازالے کیلئے اسلام آباد، لاہور ، کراچی، پشاور، کوئٹہ ، ملتان، سیالکوٹ اور فیصل آباد کے ہوائی اڈوں پر12 متعلقہ وفاقی سرکاری اداروں کے افسران پرمشتمل 8 ون ونڈو سہولت ڈیسک قائم کئے گئے ہیں جن سے 32لاکھ سے زائد مسافر اور تارکین وطن استفادہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کے ان حالیہ اقدامات سے متعلق آگاہی کے منصوبے کے اجراء کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ تارکین وطن کو اپنی شکایات کے اندراج سے متعلق تمام معلومات فراہم ہوسکیں۔ حافظ احسان احمد کھوکھر نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانوں سے کہا گیا ہے کہ تارکین وطن کی شکایات کے ازالے کیلئے ہفتے میں ایک دن مقرر کریں اور ملاقات سے قبل وقت حاصل کئے بغیر شکایات سنیں اور رپورٹ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کو ارسال کریں۔ انہوں نے محتسب اعلیٰ کے اقدامات پر عملدرآمد کیلئے پاکستانی دفترخارجہ، وزارت سمندر پار پاکستانی، اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن، بیورو آف امیگریشن اور اوورسیز ایمپلائمنٹ کی کوششوں کو سراہا۔