خبرنامہ

سمندر پار پاکستانیوں کو ضمنی انتخاب میں ووٹ کا حق انتخابی قانون 2017 ء کے تحت پراجیکٹ کے طورپر دیا جا رہا ہے،رجسٹریشن 15 ستمبر تک جاری رہے گی، ترجمان الیکشن کمیشن

اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن) الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ضمنی انتخاب میں ووٹ کا حق انتخابی قانون 2017 ء کے تحت پراجیکٹ کے طورپر دیا جا رہا ہے جس کی رپورٹ پارلیمنٹ کو پیش کی جائے گی جو اس کی روشنی میں مزید قانون سازی کرے گی، آئی ووٹنگ کے ذریعے ایسے پاکستانی جو ضمنی انتخاب کے متعلقہ حلقہ سے تعلق رکھتے ہوں ان کا نام انتخابی فہرست میں بطور ووٹر درج ہوان کے پاس نائیکوپ، مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ اور مصدقہ ای میل ایڈریس ہو وہ ووٹ کاسٹ کرنے کے اہل ہوں گے۔ منگل کو نادرا حکام سے الیکشن کمیشن کے اعلیٰ حکام کی ملاقات کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان الیکشن کمیشن ندیم قاسم نے بتایاکہ اوور سیز پاکستانیوں کی رجسٹریشن 15 ستمبر تک جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن سرکاری ٹی وی اور اخبارات کے ذریعے آگاہی مہم چلا رہا ہے۔ دفتر خارجہ کے ذریعے الیکشن کمیشن نے آئی ووٹنگ کے رولز و طریقہ کار تمام قونصل خانوں میں پہنچا دیئے ہیں۔ بدھ سے اخبار میں اشتہار بھی جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ سمندر پار پاکستانی آئی ووٹنگ کے لئے اہلیت کی بنیاد نائیکوپ مشین ریڈایبل پاسپورٹ اور درست و مصدقہ ای میل ایڈریس ہونا رکھا گیا ہے ۔ اسی کے تحت بطور ووٹر رجسٹریشن ہو گی پھر جس حلقے میں ضمنی انتخاب ہو رہا ہے اس حلقے کے ووٹر کو ووٹنگ پاس ملے گا ۔ انہوں نے بتایاکہ ابھی یہ طے کرنا باقی ہے کہ آج سے 6 بجے تک کے پولنگ کے دورانیہ سے کتنا پہلے ووٹر کو پاس کوڈ دیا جائے ۔ ووٹروں کی جانب سے ووٹ کا حق پولنگ کے دورانیہ کے دوران ہی استعمال کیا جاسکے گا۔ انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں تیار ہونے والا سافٹ ویئر انگریزی اور اردو میں الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔ انہوں نے بتایاکہ سمندر پار پاکستانیوں کے لئے یہ منصوبہ پائلٹ پراجیکٹ کے طورپر ہے جس کی ہدایت انتخابی قانون 2017 ء میں پارلیمنٹ کی جانب سے کی گئی تھی جس کی رپورٹ پارلیمنٹ کو دی جائے گی جس کی روشنی میں پارلیمنٹ مزیدقانون سازی کرے گی۔ انہوں نے پاکستانی تارکین وطن سے کہاکہ وہ زیادہ سے زیادہ اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ جو سافٹ ویئر الیکشن کمیشن نے ڈویلپ کیا ہے اس کو 10لاکھ پاکستانی تارکین وطن نے وزٹ کیا ہے ۔ توقع ہے کہ آخری دنوں میں زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن اس کام کے لئے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے بتایاکہ پاکستانی تارکین وطن کے لئے آئی ووٹنگ کے لئے سسٹم کو فول پروف ہونا ضروری ہے۔ اس کے لئے رجسٹریشن کے کسی تناسب کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں تمام جماعتیں شامل تھیں اور یہ انہی کی تجویز تھی کہ عام انتخابات کے بعد ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستانی تارکین وطن کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر آئی ووٹنگ کے ذریعے ووٹ کا حق دیا جائے ۔ الیکشن کمیشن کسی عجلت کی بجائے اپنی یہی ذمہ داری پوری کررہا ہے۔