خبرنامہ

لندن میں مقیم پاکستانیوں کا قائد ایم کیوایم کی تقریرکےخلاف مظاہرہ

لندن/برمنگھم (آئی این پی) ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ پر پاکستانی کیمونٹی کا قائد ایم کیو ایم کی پاکستان مخالف تقریر کے خلاف احتجاج کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق قائد ایم کیوایم کی پاکستان مخالف تقریر کے خلاف بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی سراپا احتجاج ہیں، لندن میں ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ پر پاکستانی کمیونٹی نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور وزیراعظم برطانیہ کو قرارداد جمع کرائی۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قائد ایم کیو ایم کا پاکستان مخالف بیان ایک آنکھ نہ بھایا، پاکستانی کمیونٹی نے وزیراعظم برطانیہ کو قائد ایم کیوایم کے خلاف قرارداد جمع کرادی۔مظاہرین کی جانب سے برطانوی وزیر اعظم کو جمع کروائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ لندن سے ایم کیوایم کے قائد نے اشتعال انگیز تقریر کرکے کارکنوں کو پاکستانی میڈیا پرحملے کیلئے اکسایا اور پاکستان کی سلامتی کیخلاف نعرے بھی لگوائے۔قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’قائد ایم کیو ایم نے فوج اورحکومت کیخلاف بھی انہوں نے لوگوں کو شرپسندی کے لیے اکسایا جس کی وجہ سے دوافراد بھی جاں بحق ہوئے اور میڈیا پر حملہ کرکے ادارے کو مالی نقصان پہنچایا گیا‘‘۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایم کیوایم کے قائد کی برطانوی شہریت منسوخ کی جائے اورانہیں برطانیہ سے نکالا جائے۔دوسری جانب برمنگھم میں بھی سول سوسائٹی کی جانب سے پاکستان میں میڈیا ہاؤسز پر حملوں اور پاکستان مخالف نعروں کے خلاف قونصلیٹ آفس کے باہر پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا۔