خبرنامہ

پاکستانی نژادامریکی ریپلکن پارٹی کےبلامقابلہ امیدوارمنتخب

نیویارک: (آئی این پی) پاکستانی نژاد امریکی آغا افضل خان نیو جرسی سٹیٹ کے کانگریس ڈسٹرکٹ 8 سے عام انتخابات کے لئے ریپلکن پارٹی کے بلا مقابلہ امیدوار منتخب ہو گئے۔ ریپلکن پارٹی کا کوئی دوسرا امیدوار پارٹی پرائمریرز میں آغا افضل خان کے مقابلے پر نہیں آیا۔ ان کا مقابلہ موجودہ کانگریس مین اور ڈیموکریٹک البیو سئرس سے آئندہ نومبر کو ہوگا، جو گزشتہ ماہ ہونے والی ڈیموکریٹک پرائمریرز میں اپنے مدمقابل کے مقابلے میں 98 فیصد سے کامیابی حاصل کر چکے ہیں اور اب نومبر میں ہونے والے عام انتخابات میں ان کا مقابلہ آغا افضل خان سے ہوگا۔4 لاکھ 60 ہزار سے زائد ووٹوں کے اس حلقے میں لاطینی کیمونیٹیز کے ووٹوں کی اکثریت ہے اور یہ حلقہ شمالی اور مشرقی نیو جرسی کی آبادیوں اور نیوآرک کے لاطینی ووٹوں کی اکثریت پر مشتمل ہے۔ عام طور پر کانگریس ڈسٹرکٹ 8 ڈیموکریٹک حلقہ شمار کیا جاتا ہے۔ آغا افضل نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی تاریخ میں وہ پہلے پاکستانی ہیں جو پرائمری میں بلا مقابلہ کامیاب ہوئے ہیں۔ اگر وہ کانگریس کے رکن منتخب ہو گئے تو وہ ایک نئی تاریخ رقم کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پاکستانی سفارتکاروں نے ان سے کوئی رابطہ قائم نہیں کیا اور نہ ہی وہ کسی قسم کی اخلاقی مدد کر رہے ہیں۔ اگر پاکستانی قونصلیٹ یا سفارتخانے نے اس تاریخی موقع پر ان کی حوصلہ افزائی نہیں کرنی اور نہ ہی پاکستانی کیمونٹی کو متحد کرنے کے لیے کوئی اقدام کرنا ہے تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ وہ یہاں لینے کیا آئے ہیں؟ کیا ان کا مقصد صرف پاکستانیوں کے پاسپورٹ ہی بنانا ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میری کامیابی نے بعض انڈین رہنما کو بھی پریشان کر دیا ہے۔ سب کو پتہ ہے کہ آغا افضل کی ذات پاکستان کے بغیر کچھ نہیں ہے اور انشاءاللہ تعالٰی میں کانگریس کا رکن منتخب ہو کر امریکی ایوان نمائندگان میں پاکستانی کاز کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرونگا اور انڈین لابی کے آگے ڈھال بن جاؤنگا۔