برسلز: (ملت+آئی این پی) پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر نے طب کے شعبے میں نیٹوکا اعلی ترین ایوارڈ حاصل کرلیا، ڈاکٹر چوٹانی کو یہ ایوارڈ نیٹو کی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آرگنائزیشن کی طرف سے غیرمعمولی کارکردگی پر دیا گیا ہے ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق ڈاکٹرچوٹانی نے حیاتیاتی مادوں کے خلاف اقدامات کے ضمن میں طبی ریسرچ میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ انہیں نیٹو کی طرف سے سب سے شاندار ریسرچ ٹاسک گروپ کا ممبر بنایا گیا ہے اور ان کیلئے اس شعبہ میں اعلی ترین ایوارڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔انہوں نے صحت عامہ کی صنعت ، حکومت اور تعلیمی شعبے ، ویکسین کی تیاریوں، بائیو سرویلنس اور تھیرا پیوٹک و تشخیص کے ضمن میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے 20 سال تک بائیو سیکیورٹی اور پبلک ہیلتھ کے شعبے میں حکومتی اور نجی شعبے کے ساتھ کام کیا ہے۔ تعلیمی شعبے میں ان کی نمایاں خدمات کا بھی اعتراف کیا گیا ہے۔وہ جان ہاپکنز یونیورسٹی میں انفیکشیئس ڈیزیز کی نگرانی کے شعبے میں بھی کام کرتے رہے ہیں۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے شعبہ اطلاقی طبی لیبارٹریز میں وہ حیاتیاتی دہشت گردی سے پیشگی آگاہی کے نظام کا بھی حصہ رہے ۔ پاکستان میں اپنے قیام کے دوران انہوں نے قومی ادارہ صحت میں ارلی وارننگ سسٹم کو جدید بنانے پر کام کیا۔انہوں نے وبائی امراض کے ضمن میں تحقیقاتی سیل کے دوبارہ قیام میں مدد کی ۔ اس کے علاوہ وہ وزارت صحت کے کنسلٹنٹ اورمشیربھی رہے اور انفلوئنزا سے بچاو کے منصوبے کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔