خبرنامہ

قبل از وقت انتخابات کا خواب دیکھنے والے 2019 تک صبر کریں،ترک وزیراعظم بن علی یلدرم

انقرہ (ملت + آئی این پی) ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے واضح کیا ہے کہ2019 سے قبل ملک میں انتخابات کا کوئی امکان نہیں ہے، بعض عناصر ملک میں افرا تفری کا ماحول پیدا کرنے کے درپے ہیں جنہیں ناکام بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے، ترک قوم نے 15 جولائی کو نا صرف ملک دشمن عناصر کی کوششوں کو کوناکام بنایا بلکہ ترک معیشت کو بھی تباہ ہونے سے بچایا ، انشا اللہ اگلا سال اقتصادی حوالے سے ترکی کے لیے بہترین سال ہوگا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک وزیراعظم نے وزارت اقتصادی امور کے زیر اہتمام ترک انجمن برائے برآمد کنندگان کی طرف سے منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ ترکی کا مستقبل اور اس کی پالیسیاں متعین ہیں لیکن ہمیں علم ہے کہ بعض عناصر ملک میں اافرا تفری کا ماحول پیدا کرنے کے درپے ہیں جنہیں ناکام بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ ترکی کو فی الوقت اپنے نظام حکومت میں تبدیلی اور موجودہ آئین میں معمولی سی ترمیم لانے کی ضرورت ہے جس کے بعد ریفرنڈم کیلیے انہیں عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ قبل از وقت انتخابات کے بارے میں انہوں نے واضح کر دیا کہ اس مطالبے کا اظہارکرنے والے مایوس ہونگے کیونکہ 2019 سے قبل ملک میں انتخابات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ وزیراعظم یلدرم نے مزید کہا کہ ترک قوم نے 15 جولائی کو نا صرف ملک دشمن عناصر کی کوششوں کو کوناکام بنایا بلکہ ترک معیشت کو بھی تباہ ہونے سے بچایا ۔انہوں نے یقین دلایا کہ انشا اللہ اگلا سال اقتصادی حوالے سے ترکی کے لیے بہترین سال ہوگا۔