خبرنامہ پاکستان

اگست میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہیں گی

اسلام آباد(ملت آن لائن)وزارت خزانہ نے ماہ اگست کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔اوگرا نے قیمتوں میں کمی کی سمری وزارت پیٹرولیم کو ارسال کی تھی

وزارت خزانہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگست کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ خصوصی حالات کی بنا پر کیا گیا ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مجاز اتھارٹی کے فیصلے تک برقرار رہیں گے۔

اوگرا نے گزشتہ ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری وزارت پیٹرولیم کو ارسال کی تھی جس میں پیٹرول کی قیمت میں 3 سے 5 روپے فی لیٹر کمی کی سفارش کی گئی تھی جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔

حکومت کی جانب سے قیمتیں برقرار رکھنے کے اعلان کے بعد پیٹرول 71.30 اور ڈیزل 79.90 روپے فی لیٹر پر برقرار رہے گا۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے معاملے پر صدر مملکت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ نوکر شاہی عوام کو 8 ارب روپے کے فائدے سے محروم کرنے کا فیصلہ کیے ہوئے ہے، صدر مملکت فوری نوٹس لیں اور ریلیف عوام تک منتقل کرنے کاحکم جاری کریں۔