خبرنامہ

دوسری جنگِ عظیم کی خوفناک نشانی کی دریافت٬ تہلکہ مچ گیا

یوں تو دوسری جنگِ عظیم سے تعلق رکھنے والی نشانیاں 70 سال گزرنے کے باوجود اب بھی کسی نہ کسی انداز میں سامنے آتی رہتی ہیں لیکن گزشتہ روز اس جنگ کی جو نشانی سامنے آئی اس نے لوگوں کو شدید خوف میں مبتلا کر دیا-

جی ہاں حال ہی میں برطانیہ کی پورٹس ماﺅتھ بندرگاہ پر 70 سال پرانا تارپیڈو بم دریافت ہوا اور اس بم کا تعلق دوسری جنگِ عظیم سے بتایا جاتا ہے- بم کے دریافت ہوتے ہی بندرگاہ پر نہ صرف بحری جہازوں کی آمد و رفت کو معطل کیا گیا بلکہ قریب میں واقع شاپنگ سینٹر٬ رہائشی علاقہ یہاں تک کہ ریلوے اسٹیشن کو بھی خالی کروانا پڑا-

یہ قدیم بم بندرگاہ کے نزدیک ہی واقع تیل کے کنوؤں پر کام کرنے والے مزدوروں نے دریافت کی- ابتدا میں مزدور اس چیز کی حقیقت سے ناواقف تھے لیکن جلد ہی چند مختلف محکموں کے ماہرین نے انکشاف کیا کہ یہ چیز درحقیقت جرمن یو ایکس بی تارپیڈو بم ہے اور اس کا تعلق دوسری جنگ عظیم کے دور سے ہے جبکہ یہ گزشتہ 70 سال سے سمندر کی تہہ میں تھا-

500 پاؤنڈ بارودی مواد کے حامل اس بم کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بندرگاہ سے ڈیڑھ میل دور کھلے سمندر میں تباہ کیا اور بم کے پھٹنے سے ارگرد کا پورا علاقہ لرز اٹھا