خبرنامہ پاکستان

آئر لینڈ میں انسان ساڑھے دس ہزار بی سی سے آباد ہیں

ڈبلن۔ 23 مارچ (اے پی پی) ایک ریچھ کی ہڈی پر کی جانے والی ریسرچ نے آئرش تاریخ کو بدل کے رکھ دیا ہے۔ ریچھ کی ہڈی پر کیے گئے لیبارٹری تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ یہ ہڈی اْس ریچھ کی ہے جسے دس ہزار پانچ سو برس قبل ازمسیح شکار کیا گیا تھا. ۔ئی سائنسی ریسرچ سے قبل خیال کیا جاتا تھا کہ آئر لینڈ کے علاقے میں انسان آٹھ ہزار سال قبل از مسیح سے آباد ہیں اور ہزاروں برس قبل آئرش لوگ پتھروں کے اوزاروں سے کھیتی باڑی کے ساتھ ساتھ مال مویشی کو پال کر ضروریاتِ زندگی پوری کیا کرتے تھے۔ حال ہی میں کی جانے والی ایک نئی ریسرچ نے امکاناً حقائق کو بدل دیا ہے۔ آئرش سرزمین کے پہاڑی علاقے کی ایک غار سے ملنے والی بے شمار ہڈیوں میں سے ایک ریچھ کے گھٹنے کی ہڈی تھی۔ اْس پر کیے جانے والے لیبارٹری ٹیسٹس نے یہ راز آشکارا کیا کہ ہڈی دس ہزار پانچ سو سال پرانی ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھی معلوم ہوا کہ ریچھ کو کسی انسان نے شکار کیا تھا۔ اِس طرح ایک ریچھ کی ہڈی نے آئرش تاریخ کو بدل کر نئی جہت سے آشنا کر دیا۔ریچھ کے شکار کا واقعہ آج سے تقریباً بارہ ہزار پانچ سو سال پرانا ہے۔ محققین کو ہڈی پر ریڈیو کاربن ٹیسٹس سے معلوم ہوا کہ کسی شکاری نے ریچھ کو ہلاک کر کے تیز دھار ہتھیار سے اْس کی ٹانگ کو کاٹا تھا۔ یہ امر اہم ہے کہ گزشتہ صدی کے دوران سن 1903 میں مختلف جانوروں کی ہزاروں ہڈیاں ملی تھیں۔ اِن قدیمی ہڈیوں کا ریسرچرز نے دوبارہ معائنہ کیا اور اِس مرتبہ یہ ریڈیو کاربن ٹیسٹس تھے۔ یہ غار آئر لینڈ کے مغربی ساحلی علاقے کاؤنٹی کلیئر کے قدرے پہاڑی علاقے میں واقع ہے۔