اسلام آباد:(آئی این پی ) آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ میں غلط تقرریوں، خریداری اور سروے کی مد میں پونے چار ارب روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے ۔ دنیا نیوز نے او جی ڈی سی ایل کی مالی سال 14-2013 کی آڈٹ رپورٹ حاصل کر لی ہے ، رپورٹ کے مطابق ایک کروڑ روپے سے زائد افسران کی غلط تقرریوں پرخرچ ہوئے جبکہ ادائیگیوں میں تاخیر کی وجہ سے ادارے کو ایک کروڑ 18 لاکھ روپے اضافی ادا کرنا پڑے گا ۔ بوبی ، کنڑ اور ادھی فیلڈ سے ایل پی جی کی فراہمی میں ایک ارب 21 کروڑ جبکہ سوئی نادرن سے گیس کی فراہمی کے معاہدے میں 54 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ او جی ڈی سی ایل کی خریداری میں ساڑھے چار کروڑ روپے کے گھپلے ہوئے جبکہ عہدے سنبھالے بغیر ہی افسران کو 18 لاکھ روپے کی ادائیگیاں کر دی گئیں، ٹو ڈی سیسمک سروے میں ایک ارب 73 کروڑ روپے کی اضافی ادائیگیاں کی گئیں ۔