خبرنامہ پاکستان

آئندہ انتخابات سے قبل حکومت دہشت گردی کا خوف پھیلا رہی ہے، خورشید شاہ

اسلام آباد (ملت+ آئی این پی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ وفاقی اور پنجاب حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات سے قبل حکومت دہشت گردی کا خوف پھیلا رہی ہے‘ وزیراعظم نواز شریف پسند اور ناپسند کی بنیاد پر بیوروکریسی میں ترقیاں دے رہے ہیں‘ حکومت آئندہ انتخابات میں دھاندلی کے لئے بیوروکریسی میں سیٹ اپ بنا رہی ہے‘ حکومت اپنے فائدے کے لئے فیڈریشن اور بیوروکریسی کو نقصان پہنچا رہی ہے جو ریاست کے لئے خطرناک ہے۔ وہ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ انتخابات سے قبل دہشت گردی کا خوف پھیلا رہی ہے پیپلز پارٹی کو ہمیشہ دہشت گردوں نے ٹارگٹ کرنے کی کوشش کی۔ پیپلز پارٹی کے رہنما سہیل بابر کو گھر میں گھس کر شہید کیا گیا ماڈل ٹاؤن میں بھی اسی طرح قتل عام کیا گیا حکومت جو طریقے اپنا رہی ہے یہ ماضی میں ضیاء الحق ہم پر آزماچکا ہے۔ وہ بھی ناکام رہا موجودہ حکومت بھی ناکام ہوگی۔ حکومت ہوش کے ناخن لے سید خورشید شاہ نے کہا کہ ابھی حکومت نے بیوروکریسی میں بھی دہشت گردی پھیلائی ہوئی ہے حالیہ دنوں میں پروموشن بورڈ کی طرف سے وزیراعظم ہاؤس کو بیسویں اور اکیسویں گریڈ کے افسران کے جو نام بھجوائے گئے تھے وزیراعظم نے ان میں سے 90 لوگوں کے نام نکال دیئے ۔ اس طرح کا واقعہ پاکستانی تاریخ میں آج تک نہیں ہوا۔ حکومت پسند اور ناپسند کی بنیاد پر افسران کی پروموشن کررہی ہے ۔ یہ معاملہ ایوان میں بھی بھرپور طریقے سے اٹھاؤں گا حکومت آئندہ انتخابات میں دھاندلی کے لئے بیوروکریسی میں بھی سیٹ اپ بنا رہی ہے اس سے حکومت کو ضرور فائدہ ہوگا لیکن وفاق اور بیوروکریسی کے لئے یہ اقدام بے حد خطرناک ہوگا۔ (ن غ/ ا ر)