خبرنامہ پاکستان

آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک مشینوں کے استعمال کا وعدہ نہیں کرسکتے، سیکرٹری الیکشن کمیشن

اسلام آباد(ملت + آئی این پی )سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال سے متعلق عوام سے جھوٹا وعدہ نہیں کریں گے کیونکہ ابھی ان مشینوں کے تجربات کئے جارہے ہیں، کامیابی کی صورت میں ہی اسے استعمال کیا جائے گا۔ 2018 کے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور الیکشن کمیشن نے افسران کی تربیت کا باقاعدہ آغاز بھی کردیا ۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے افسران کی تربیت کا آغاز کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ جوڈیشل انکوائری کمیشن کی رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ الیکشن کمیشن کے متعدد افسران ایسے ہیں جن کو الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے حوالے سے کوئی علم نہیں جو ایک درست نشاندہی تھی جس کے بعد ہم نے الیکشن اکیڈمی کی تشکیل کا تہیہ کرلیا تھا کیونکہ شفاف اور صاف انتخابات کیلئے افسران کی تربیت انتہائی ضروری ہے۔ بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ ماضی میں الیکشن کمیشن کے افسران کو صرف ترقیاں دی جاتی رہیں لیکن ان کی تربیت کا کوئی طریقہ کار موجود نہیں تھا، تربیت گاہیں بنالی جاتی تھیں لیکن اس پر کام نہ کرکے اکیڈمیاں تباہ اور پیسے بھی برباد ہوجاتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم عوام سے الیکٹرانک اور بائیو میٹرک مشینوں سے متعلق جھوٹا وعدہ نہیں کرتے تاہم تجربات کی کامیابی کے بعد عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال ضرور کریں گے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن نے 2018 کے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردی ہیں اور افسران پوسٹل سٹاف کالج میں تربیت حاصل کریں گے۔ دوسرے بیج میں چاروں صوبوں کے 28 افسران 5 ہفتوں تک تربیت حاصل کریں گے۔