خبرنامہ پاکستان

آئندہ کے انتخابات کا انعقاد آئین کا تقاضہ:احسن اقبال

اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی نے کہا کہ 2018 میں انتخابات کا انعقاد آئین کا تقاضہ ہے ،چیف جسٹس کا یہ بیان کہ 2018 میں الیکشن ہوتے نظر نہیں آتے حیران کن اور ان کے منصب کے شایان شان نہیں ، مردم شماری میں تاخیر کی ذمہ دار وفاقی حکومت نہیں ۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت مارچ 2016 میں مردم شماری کا بندوبست کر چکی تھی ۔ التوا بلوچستان حکومت کے تحفظات اور سیکیورٹی کے تقاضوں کی بنا پہ ہوا ۔ آخری مردم شماری 1998 میں موجودہ حکومت کے دور میں ہی ہوء تھی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مخصوص حالات کے پیش نظر سیکیورٹی تقاضے پورے کئے بغیر مردم شماری نء پیچیدگیاں پیدا کر سکتی ہے ۔ وفاقی حکومت کی ساکھ قائم ہے جس کا ثبوت اس پر عوام کا بار بار اعتماد ہے ۔ حالیہ ضمنی انتخابات ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات اس کا اظہار کر چکے ہیں ۔ پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے ان کا تقاضہ ہے کہ دنیا کو پاکستان کے جمہوری نظام کے استحکام کا یقین دلایا جائے نہ کہ بے یقینی پھیلانے والے بیانات یا تبصرے کئے جائیں۔ پاکستان کو درپیش پیچیدہ انتظامی و سیاسی مسائل موجودہ حکومت کے پیدا کردہ نہیں ہیں بلکہ ماضی کی غیر آئینی حکومتوں کا ورثہ ہیں۔ اس گند کو صاف کرنے کے لئے ضروری ہے کہ قومی ادارے یکسوئی اور آئینی تقاضوں کے مطابق ملکر ملک میں بہتر گورننس اور آئینی حکمرانی کے راستے پر گامزن کرنے کے لئے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں اور ایسے تبصروں سے گریز کریں جن سے ملک میں بے یقینی پھیلنے کے علاوہ اداروں کے درمیان بد اعتمادی پھیلنے کا احتمال ہو۔(و خ)