خبرنامہ پاکستان

آئندہ 24گھنٹوں میں اسلام آباد، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے،محکمہ موسمیات

اسلام آباد (ملت ان لائن + آئی این پی) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں میں مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن، اسلام آباد، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواوں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہیگا۔ آئندہ 48گھنٹوں میں خیبر پختونخوا، فاٹا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، ساہیوال، کوئٹہ، ژوب اور سبی ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواوں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہیگا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن، بالائی فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش مظفرآباد12، بگروٹ09، استور08، بونجی، چلاس07، سکردو، گوپس04، گلگت02، مالم جبہ، پٹن06، بالاکوٹ04، کالام01ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ وسطی/جنوبی پنجاب، سندھ اور جنوبی بلوچستان میں شدید گرمی پڑی۔ گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت میں لاڑکانہ 50، موہنجودڑو 49، سبی 48، ڈی جی خان، سکھر، جیکب آباد، دادو 47، بھکر، کوٹ ادو ، خانپور، بہاولنگر، روہڑی، شہید بینظیر آباد، تربت میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ روز لاڑکانہ، سبی، فیصل آباد اور ڈی آئی خان میں اپریل کے مہینے میں گرمی کا گزشتہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ گزشتہ روز لاڑکانہ میں زیادہ سے زیادہ 50، سبی48، ڈی آئی خان45، فیصل آباد 44.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس سے پہلے لاڑکانہ میں اپریل 2000 میں 48.5، سبی میں اپریل1981 میں 47، ڈی آئی خان میں اپریل 2006 میں 44، فیصل آباد میں اپریل 2007 میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔