خبرنامہ پاکستان

آئین پاکستان کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے:کیپٹن (ر) صفدر

اسلام آباد :(اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ آئین پاکستان کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے‘ جھنگ سے سائیکل پر بیٹھ کر اتفاق مسجد آنے والے کینیڈین مولوی سے یہ پوچھا جائے کہ وہ ارب پتی کیسے بنا‘ کسی کو جمہوریت اور آئین پاکستان کے خلاف سازش نہیں کرنے دیں گے‘ چھ ستمبر کے شہداء کی قربانیوں سے اپنی نسلوں کو آگاہ کرنا ضروری ہے‘ وطن کے لئے قربانیاں دینے والوں کے صدقے آج ہم آزاد فضاؤں میں اس پارلیمان میں بیٹھے ہیں۔ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1948ء میں اگر قائداعظم کا سری نگر کی طرف جانے کا حکم مانا جاتا تو کشمیر آزاد ہو چکا ہوتا، 1965ء کی جنگ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ میں لے جانے اور اس مسئلہ کو اٹھانے سے روکنے کے لئے مسلط کی گئی، ہم دفاع پاکستان اور پاک سرزمین کے دفاع کے لئے اپنے جسموں سے بم باندھنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، وطن کے لئے قربانیاں دینے والوں کے صدقے ہم آج یہاں آزاد فضاؤں میں بیٹھے ہیں۔ ہم بقائے پاکستان کے لئے ایٹمی پروگرام شروع کرنے پر ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں آئین پاکستان اور ہمارے بھائی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں، آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن پاکستان کی بقاء کے لئے ہے، آج بھی ہمارا دشمن ہمارے خلاف سازش کر رہا ہے۔ ہمارے پانیوں پر قبضہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کارگل کے شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔کیپٹن(ر)صفدر نے کہاکہ پاکستان کو دولخت کرنے پر حمود الرحمان کمیشن رپورٹ کا تعین کرنا اس پارلیمنٹ کا کردار ہے۔ ہمیں چھ ستمبر کے حوالے سے قرارداد پیش کرنی چاہیے۔ ہم وانا‘ سیاچن سمیت ملک کی سرحدوں پر لڑنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کردار پاکستان کے سپیکرز کے ناموں میں سنہرے حروف میں لکھا جائے گا، 1973ء کے آئین کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ یہ ایک مقدس دستاویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی مولوی کو مسلک کی بنیاد پر سیاست اور سازشیں نہیں کرنے دیں گے۔ سائیکل پر بیٹھ کر اتفاق مسجد آنے والا کیسے ارب پتی بنا اس کے خلاف تحقیقات ہونی چاہیے۔ ہم کسی کو جمہوریت اور آئین کے خلاف سازشیں نہیں کرنے دیں گے۔