خبرنامہ پاکستان

آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کامیاب رہے: اسحاق ڈار

دبئی (آئی این پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کامیاب رہے اور ان کی اہم شرائط پوری کر دی گئی ہیں،پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس36000 کی سطح عبور کر گیا ہے،اگلے بجٹ میں جی ڈی پی کا نمو 6فیصد تک رکھیں گے، انرجی ، گیس کے مسائل حل ہوئے تو شرح نمو 7فیصد تک جا سکتی ہے،رواں مالی سال میں 2100ارب روپے کے ٹیکسز وصول کر چکے ہیں،بجٹ خسارے کیلئے اسٹیٹ بینک سے لئے گئے قرضے اہداف کے اندر ہیں،آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ سے 51کروڑ ڈالر کی سفارش کی جائے گی۔جمعرات کو آئی ایم ایف کے حکام سے مذاکرات کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ رواں سال ٹیکس محاصل کے اہداف کے حصول میں کامیاب ہوں گے، رواں سال بنیادی شرح نمو میں 5فیصد اضافے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی فضل متاثر ہونے سے جی ڈی پی پر منفی اثرات مرتب ہوئے، بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے، معاشی ترقی کیلئے توانائی کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، رواں سال ٹیکس اہداف میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا انڈکس 36000کی سطح عبور کر گیا ہے،3اسٹاک ایکسچینج کے انضمام کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج بن گئی،اگلے سال بجٹ میں جی ڈی پی کا نمو 6فیصد تک رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انرجی ، گیس کے مسائل حل ہوئے تو شرح نمو 7فیصد تک جا سکتی ہے،رواں سال 4.5فیصد کا شرح نمو کا ہدف حاصل کرلیں گے،رواں مالی سال میں 2100ارب روپے کے ٹیکسز وصول کر چکے ہیں۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ بجٹ خسارے کیلئے اسٹیٹ بینک سے لئے گئے قرضے اہداف کے اندر ہیں،آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ سے 51کروڑ ڈالر کی سفارش کی جائے گی۔(اح)