خبرنامہ پاکستان

آئی بی کی مبینہ فہرست، وزیراعظم نے خط کو جعلی قرار دیدیا

آئی بی کی مبینہ فہرست، وزیراعظم نے خط کو جعلی قرار دیدیا

اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس بیورو(آئی بی) کو نہ کوئی فہرست دی اور نہ ہی اِن سے کوئی لسٹ مانگی گئی جب کہ ایک نجی ٹی وی چینل پرارکان اسمبلی سےمتعلق جھوٹے الزامات کی فہرست چلائی گئی۔

قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کاکہنا تھا کہ آئی بی سے نہ کوئی فہرست مانگی گئی اورنہ ہی کوئی لسٹ دی گئی اس حوالے سے ایک ٹی وی چینل پر ارکان اسمبلی سے متعلق جھوٹے الزام کی فہرست چلائی گئی جب کہ پولیس،پیمرا اور آئی بی اس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے کہ ایسا کیوں اور کس نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مبینہ دستاویزمیں 37 ارکان اسمبلی کے کالعدم تنظیموں سے رابطوں کا ذکرکیا گیا، یہ ارکان پارلیمنٹ کو بدنام کرنےکی کوشش ہے اس معاملے کی تحقیقات کےبعد کارروائی بہت ضروری ہے۔

وزیراعظم نے تجویزدی کہ اس معاملے کوکمیٹی میں بھجوادیں تاکہ اس پرجامع بحث ہوسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی بی نے کابینہ اورہرسطح پربتایا کہ یہ دستاویز جعلی ہے،ایک دستاویز پراتنا شورمچایا گیا اس سے ایوان کاوقار مجروح ہوا جب کہ حقیقت عوام کے سامنے آنا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ نجی ٹی وی چینل پر نشرہونے والے پروگرام میں آئی بی کا مبینہ خط دکھایا گیا جس میں مبینہ طور پر 37 ارکان پارلیمنٹ کی ایک فہرست دکھائی گئی جن کا تعلق کالعدم دہشت گرد تنظیموں سے بتایا گیا۔