اسلام آباد:(ملت آن لائن) انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس جان محمد نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں اور شہر میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
آئی جی اسلام آباد ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں کورس کے لیے گئے تھے اور آج صبح ہی وطن واپس پہنچے ہیں۔
وزرات داخلہ کی جانب سے آئی جی کو فوری واپس آنے کے احکامات دیئے گئے تھے۔
واضح رہےکہ گذشتہ ماہ 28 اکتوبر کو آئی جی اسلام آباد جان محمد کا اچانک تبادلہ کردیا گیا تھا، رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ آئی جی کو وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر اعظم سواتی کی ہدایت نہ ماننے پر ہٹایا گیا تھا۔
آئی جی کے تبادلے کے بعد چیف جسٹس ثاقب نثار نے واقعے کا ازخود نوٹس لے کر سیکریٹری داخلہ اور اٹارنی جنرل کو فوری طور پر عدالت میں طلب کیا تھا۔
29 اکتوبر کو ہونے والی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے عدالت عظمیٰ کو آگاہ کیا کہ آئی جی کا تبادلہ وزیراعظم عمران خان کی زبانی ہدایات پر کیا گیا تھا، جس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے آئی جی اسلام آباد جان محمد کے تبادلے کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے انہیں عہدے پر کام جاری رکھنے کا حکم دیا تھا۔