خبرنامہ پاکستان

آج شام طلوع ہونے والا چاند ‘سُپر بلیو بلڈ مون’ ہوگا

آج شام طلوع ہونے والا چاند ‘سُپر بلیو بلڈ مون’ ہوگا

لاہور:(ملت آن لائن) آج شام طلوع ہونے والا چاند سُپر بلیو بلڈ مون ہو گا اور اس سرخی مائل نارنجی چاند کے نظارے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں دیکھے جاسکیں گے۔ خیال رہے کہ انگریزی مہینے میں 2 بار دکھائی دینے والا چودھویں کا چاند ‘بلیو مون’ کہلاتا ہے اور ایسے میں چاند کو اگر مکمل گرہن لگ جائے تو اسے ‘بلڈ مون’ بھی کہا جاتا ہے۔ اس لحاظ سے 31 جنوری کو طلوع ہونے والا چاند ‘سپر بلیو بلڈ مون’ ہوگا، جس کی روشنی سرخی مائل نارنجی ہوتی ہے۔ سپر بلیو بلڈ مون چودھویں کے عام چاند کے مقابلے میں 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن ہوگا جسے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں دیکھا جائے گا۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں سپر مون کا نظارہ
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبد الرشید کے مطابق پاکستان میں چاند گرہن دوپہر 3 بج کر 51 منٹ پر شروع ہوجائے گا، کراچی میں سپر بلیو بلڈ مون کا نظارہ 6 بج کر 10 منٹ جبکہ اسلام آباد میں 5 بج کر 32 منٹ سے کیا جاسکے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں مکمل چاند گرہن 5 بج کر 52 منٹ سے شروع ہو کر7 بج کر 8 منٹ پر ختم ہوگا جب کہ پاکستان میں جب چاند طلوع ہوگا تو اس میں گرہن لگا ہوا ہوگا۔ سپر بلیو بلڈ مون امریکہ، روس، شمال مشرقی یورپ، ایشیا اور آسڑیلیا میں بھی دیکھا جا سکے گا۔ انٹرنیٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق سپر بلیو بلڈ مون کے ایک ساتھ آنے کا یہ واقعہ 151 سال بعد ہو رہا ہے۔