خبرنامہ پاکستان

آخر دہشت گردکےخاتمےتک یہ آپریشن جاری رہےگا، صدر

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان میں تعینات چھ ممالک کے سفیروں نے ایوان صدر میں پر وقار تقریب میں اپنی اسناد سفارت صدر مملکت کو پیش کیں۔ اسناد سفارت پیش کرنے والوں میں سویڈن، صومالیہ، کوریا، آذربائیجان، سوڈان اور بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر شامل تھے۔ اس سے قبل ہر ملک کے نامزد سفیر کوعلیحدہ علیحدہ بگی پرایوان صدر کے مرکزی دروازے پر لایا گیاجہاں انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ ملک اور پاکستانی قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ اس کے بعد تعینات سفیروں نے باری باری صدر مملکت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات چاہتا ہے ، خاص طور پر خطے میں امن کے لیے ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات بہت اہم ہیں۔ صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور اس سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دیں اور اس کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔ انھوں نے کہا کہ آپریشن ضربِ عضب کامیابی سے جاری ہے اور آخر دہشت گردکے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔صدر مملکت نے نئے تعینات ہونے والے سفیروں کو مبارک باد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنے ملکوں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ صدر مملکت نے کہا ان سفیروں کو موجودگی پاکستان کے لیے خوشی کا باعث ہو گی۔ اسناد سفارت پیش کرنے والوں میںآذربائیجان کے سفیر علی فکرت اوگلو علی زادہ ، کوریا کے سفیر سوڈونگ گیو، صومالیہ کی سفیر خدیجہ محمد المقسومی، سوڈان کے سفیر ٹگلدین علیدی الطاہر ،سویڈن کی سفیر انگریڈ جونسن اور بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر طارق احسن شامل تھے۔