خبرنامہ پاکستان

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی وزیرخارجہ کی ملاقات

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی وزیرخارجہ کی ملاقات

راولپنڈی:(ملت آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی وزیرِخارجہ جواد ظریف نے ملاقات کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی وزیرِخارجہ جواد ظریف نے جی ایچ کیوراولپنڈی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور پاک ایران تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی وزیرِخارجہ نے پاک فوج کی جانب سے ایران بارڈر پر سیکیوٹی کے بہترین انتظامات کو سراہا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ علاقائی امن مغربی ایشیا کےساتھ وسیع بنیادوں پرتعاون پر منحصر ہے۔
…………………..
اس خبر کو بھی پڑھیے…سیکریٹری داخلہ کی عدم حاضری، سپیکر ایاز صادق کا قومی اسمبلی سے واک آؤٹ

اسلام آباد: (ملت آن لائن) سیکرٹری داخلہ اور پارلیمانی سیکرٹریز کی عدم حاضری پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق احتجاجا واک آؤٹ کر گئے۔ سردار ایاز صادق کا کہنا ہے ایوان کی بے توقیری برداشت نہیں کرسکتا، وزیراعظم کی تحریری یقین دہانی تک روزانہ واک آؤٹ کرونگا۔ دوسری جانب سینیٹ میں ہونے والی گرما گرمی کی قومی اسمبلی میں بھی سیاسی جماعتوں کی جانب سے مذمت کی گئی ۔ تحریک انصاف کی شیریں مزاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما پر سینیٹ کی گیلری میں تشدد ہوا، ایسا نہیں ہونا چاہیے ، گالم گلوچ کرنا اور تشدد کرنا جمہوری روایات نہیں۔ شیریں مزاری نے کہا ان کی کار پر بھی ن لیگ کے سپورٹرز نے حملہ کیا جس پر اسپیکر ایاز صادق نے کہا اس قسم کے واقعات نہیں ہونے چاہییں ، کار پر حملے کی تحقیقات کی جائیں گی ۔ اسپیکر نے کہا وزیراعظم نے سینیٹ گیلری واقعہ کا نوٹس لے کر معذرت کی ہے، سینیٹ میں بھی نعرے بازی نہیں ہونی چاہیے تھی۔ ایاز صادق نے پی ٹی آئی رہنما پر تشدد کی مذمت بھی کی۔ تحریک انصاف کے رہنما حامد الحق نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کل نامعلوم افراد نے سینیٹ میں مجھ پر حملہ کیا ، نامعلوم افراد کبھی جوتا اور سیاہی پھینکتے ہیں جو غلط روش ہے ، ملزم کو گرفتار ہونا چاہیے۔ عمران خان نے بھی اپنے ٹوئٹ میں ایم این اے حامد الحق پر مبینہ حملے کی مذمت کی اور کہا مسلم لیگ ن کا گلو بٹ مائنڈ سیٹ جمہوریت کو نقصان پہنچا رہا ہے۔