خبرنامہ پاکستان

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی برونائی کے سلطان سے ملاقات

آرمی چیف جنرل

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی برونائی کے سلطان سے ملاقات

لاہور:(ملت آن لائن)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے برونائی کے سلطان سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اور دوطرفہ دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے برونائی دارالسلام کے دورے کے دوران برونائی کے سلطان حاجی حسن البلقیا معزالدین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے برونائی کے نائب وزیر دفاع، بری فوج اور رائل آرمڈ فورسز کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی، ٹریننگ اور سیکورٹی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برونائی کی سیاسی و عسکری قیادت نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کیا۔
………………………………..
اس خبر کو بھی پڑھیے…مسلح افواج کی دفاعی ضروریات کیلئے تمام ضروری وسائل فراہم کریں گے، وزیراعظم

لاہور:(ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلح افواج کی دفاعی ضروریات کیلئے تمام ضروری وسائل فراہم کریں گے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر دفاع خرم دستگیر بھی موجود تھے۔ تینوں مسلح افواج کے دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ انہیں مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے خطرات و چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلح افواج کی تیاریوں پر اعتماد کا اظہارکیا اور کہا کہ مسلح افواج کی دفاعی ضروریات کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم پاکستان نے پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ جوائںٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز آمد پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔