خبرنامہ پاکستان

آرکیٹیکچرز کو تعمیراتی ورثے پرتوجہ دینے کی ضرورت ہے، وزیراعظم

آرکیٹیکچرز کو تعمیراتی ورثے پرتوجہ دینے کی ضرورت ہے، وزیراعظم

لاہور (ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آرکیٹیکچرز کو تعمیراتی ورثے کے تحفظ اور بحالی پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے،بالخصوص کوالٹی اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے،پاکستان فن تعمیر کے نمونوں سے بھرا ہوا ہے،مغلیہ ادوارمیں اس پر بہت کام ہوا ہے اورانکے تعمیراتی ورثے اس کی بہترین مثال ہیں،اسوقت ملک میں آرکیٹیکچرز کا مستقبل روشن اور وسیع ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روزیہاں ’’بلڈنگ میٹریل اینڈ پروڈکٹس ایکسپو 2018ء‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، صدر انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان علی ظفر، سلیم ریاض اور یوسف غوری بھی موجود تھے۔ شاہد خاقان عباسی نے نمائش کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ آرکیٹیکچرز نے ملک میں فن تعمیر کو بہت نمایاں کیا ہے اور آرکی ٹورزم اس کی ایک مثال ہے، پاکستان میں بلڈنگز کی تعمیر کے وقت بین الاقوامی قوانین کو مدنظر نہیں رکھا جاتا اور یہ آرکیٹیکچرز کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ نہ صرف اس کا خیال رکھیں بلکہ اس پرعملدرآمد کویقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ پبلک بلڈنگز،پارکس،سٹرکیں ،ہائی ویز آرکیٹیکچرز کا بہترین نمونہ ہیں جس میں بہتری کی گنجائش موجود ہے اور اس پرمزید توجہ دی جانی چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان (آئی اے پی) موجود ہے، اس لئے آرکیٹیکچرز کو ملک کے اندرموجودتعمیراتی ورثے کے تحفظ اور بحالی پر بھی بھرپور توجہ دینی چاہیے،بالخصوص کوالٹی اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سالہاسال سے بہت تعمیرات ہوئی ہیں لیکن آرکیٹیکچرز کی طرف سے مناسب توجہ نہیں دی گئی،کم قیمت ہاؤسنگ کامطلب ہر گزیہ نہیں کہ کوالٹی بھی کم ہو۔ محنت، دلجمعی، یکسوئی اور بھرپور توجہ کے ذریعے کم قیمت سے بہترین ومعیاری تعمیرات ممکن ہوسکتی ہیں اور مطلوبہ نتائج بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مستقبل میں فن تعمیر کے شعبے میں بہت ترقی ہو گی اور ملک میں اچھی تعمیرات دیکھنے کو ملیں گی اس لئے پاکستان میں آرکیٹیکچرز کا مستقبل وسیع اور بہترین ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر چیئرمین انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان یوسف غوری نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو سوینئر پیش کیا۔