خبرنامہ پاکستان

آزادکشمیرکی نئی 9رکنی کابینہ نےحلف اٹھا لیا

مظفرآباد/اسلام آباد(آئی این پی)آزادکشمیر کی نو رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا،صدر آزادکشمیر یعقوب خان نے حلف لیا،حلف اٹھانے والوں میں طارق فاروق،فاروق سکندر،راجہ نثار،نجیب نقی،چوہدری عزیز،مشتاق منہاس،نورین عارف اور افتخارگیلانی شامل ہیں۔مہاجرین مقیم جموں وکشمیر اور ضلع میرپور کو فی الحال کابینہ میں نمائندگی نہیں دی گئی۔ہفتہ کو کابینہ کی تقریب حلف برداری ایوان صدر مظفرآباد میں منعقد ہوئی،تقریب حلف برداری سے تھوڑی دیر قبل محکمہ سروسز سے 9رکنی کابینہ کا نوٹیفیکیشن بعد میں جاری کیا جائے گا،صدر ریاست سردار یعقوب خان نے وزراء سے حلف لیا تاہم وہ حلف لیتے ہوئے حلف کے الفاظ بھول گئے جس پر دوبارہ حلف لیا گیا۔واضح رہے کہ پہلے کابینہ کیلئے 11ناموں پر اتفاق ہوا تھا تاہم جوڑ توڑ کے دوران اختلافات سامنے آنے پر فی الحال کابینہ کو9رکنی رکھا گیا ہے بعدازاں 2سے 4 وزراء بھی کابینہ کا حصہ بن سکتے ہیں،ضلع میرپور اور مہاجرین مقیم پاکستان کے حلقوں سے کسی کو وزیر نہیں بنایا گیا اس لئے آزادکشمیر کے تمام علاقوں کی نمائندگی یقینی بنانے کیلئے کابینہ میں اضافہ ناگزیر ہوگا،میرپور سے بیرسٹر سلطان محمود کو ہرانے والے چوہدری سعید اور ڈڈیال کے حلقے سے رکن اسمبلی مصور خالد کے نام وزرات کیلئے لیے جارہے تھے لیکن آخری مرحلے میں متنازع کی وجہ سے دونوں نام ڈراپ کیے گئے،آئندہ مرحلہ میں یہ دونوں یا ان میں سے ایک وزیر بن سکتا ہے،اسی طرح کوٹلی سے راجہ سفیر بھی وزرات کیلئے لابنگ کر رہے ہیں،مہاجرین کے حلقوں سے شوکت شاہ اور جاوید اختر میں سے کسی ایک یا دونوں کو دوسرے مرحلے میں وزیر بنایا جاسکتا ہے۔