خبرنامہ پاکستان

آزاد کشمیر میں سرمایہ کاروں کے لیے مراعاتی پیکج لایا جائے گا،وزیراعظم آزادکشمیر

باغ : (ملت+اے پی پی) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بین الاقوامی برادری کے سامنے بے نقاب کرنے کے لیے تارکین وطن بالخصوص نوجوانوں کو ذمہ داریاں دیں گے ،سرمایہ کاروں کے لیے نہ صرف مراعاتی پیکج لایا جائے گا بلکہ حکومت ان کوتحفظ بھی فراہم کرے گی ۔آزادکشمیر کے اندر ایسا ماحول بنایا جائے گا کہ سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری کرتے ہوئے خوشی محسوس کریں گے اس سے روزگار کے ذرائع میں اضافہ ہوگا۔ راجہ محمد فاروق حیدر نے کہا کہ ریاست کے پڑھے لکھے غریب باصلاحیت نوجوانوں کو سفارش کی نذر نہیں ہونے دینگے اورمیرپور کو ماڈل شہر بنا ئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مانسہرہ تا میرپور براستہ مظفرآباد ایکسپریس وے کی تعمیر سے ریاست میں ذرائع رس و رسائل میں بہتری آے گی اور ڈوڈیال راولپنڈی سڑک پر جلد کام شرو ع ہو گا ۔میرپور ڈویژن میں ترحیجی بنیادوں پر انڈسٹریل زون کے قیام کے لیے کام جاری ہے ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر دو طرفہ مسئلہ نہیں بلکہ ڈیڑھ کروڑ انسانوں کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے اور کشمیری اس کے بنیادی فریق ہیں، یورپی ممالک میں مقیم کشمیری بھارتی مظالم کے خلاف آواز مہذب اقوام تک پہنچائیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ممبر برطانوی پارلیمنٹ خالد محمود مرزا ،ممبر قانون ساز اسمبلی جاوید اقبال ،ممبران کشمیر کونسل عبد الخالق وصی ،ملک پرویز اعوان ،سابق ممبر رفاقت اعوان ،شیخ روف ،ڈاکٹر محمد امین میرپور ،مختار گیلانی لیپہ ویلی ،ضیاء سردار ایڈووکیٹ ،راجہ افضل چڑہوئی ،حاجی افتخار خادم ،راجہ ریاست گلپور،رزاق کشمیری ،سردار عزیز ،راجہ ایاز خان ڈوڈیال ،خالد محمودو دیگر سے علیحدہ علحیدہ ملاقاتوں کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر کی انتظامی مشنری پر تارکین وطن کا اعتماد نہیں جس کے باعث وہ یہاں کسی بھی قسم کی سرمایہ کاری نہیں کررہے ،میرپور ترقیاتی ادارہ عوام کی سہولت کے لیے بنایا گیا تھا جو اپنے مقاصد پورے کرنے میں ناکام رہا ۔انہوں نے کہا کہ میرپور شہر کے اندر منگلا کو ٹوریسٹ ریزارٹ بنائیں گے ، آزادکشمیر میں سیاحت کے شعبہ میں بے پناہ پوٹینشنل موجود ہے نیلم ویلی ،جہلم ویلی ،پونچھ ڈویژن کے علاقوں کے اندر انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائیگا، ٹوارزم کوریڈور کی تعمیر سے علاقے کے اندر نہ صرف خوشحالی آئے گی بلکہ لوگوں کو تفریح کے مواقع بھی میسرآئیں گے۔ممبر برطانوی پارلیمنٹ خالد محمود مرزاسے گفتگو کے دورانانہوں نے کہا کہ ہم نے طے کیا ہے کہ وزارت خارجہ کے ساتھ ملکر یورپ میں مقیم تارکین وطن کے نوجوان بچوں کو پاکستان لائیں گے اور ان کو بھارتی مظالم سے آگاہی دیں گے جس کو وہ واپس جا کر اپنی کیمونٹی کے ساتھ شئیر کر سکیں گے ،ہمارا کیس بہت مضبوط ہے ،کشمیر کے معاملے پر ہمیں خود بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔اس موقع پر ممبر برطانوی پارلیمنٹ خالد محمود مرزا نے کہا کہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں حکومت نے آزادکشمیرمیں میرٹ کی بحالی اور گڈ گورننس کے قیام کے لیے مختصر عرصہ میں جواقدامات اٹھائے ہیں اس سے تارکین وطن کو بڑی امیدیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں تارکین وطن کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے متحرک کرنے اور آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کرنے کے حوالے سے حکومتی اقدامات کی بھرپور تائید کرتے ہوئے شمولیت کا اعلان کرتے ہیں۔