خبرنامہ پاکستان

‘آزاد کشمیر میں وفاقی وزراء نے ماحول کو کشیدہ بنا دیا’

مظفر آباد: (آئی این پی) مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ضلع حویلی میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان تصادم میں انسانی جانوں کے ضیاع کا شدید دکھ ہوا، پیپلز پارٹی اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں لیکن وفاقی وزراء کے آزاد کشمیر کو فتح کرنے کے غیرسیاسی ہتھکنڈے آزاد کشمیر کے پرامن ماحول کو سبوتاز کر رہے ہیں۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتی ہے، کشمیری عوام کی جد و جہد اور آزادی کیلئے دی جانے والی قربانیوں کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ قمر زمان کائرہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کشمیر کے نام پر سیاست کرنے والوں نے ماضی میں آمروں کے ساتھ مل کر کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا اور اب وہ پھر سیاسی مفادات کے لئے ریاستی جماعت کے نام پر آزاد کشمیر کے عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔