خبرنامہ پاکستان

آزاد کشمیر کےانتخابات میں مسلم لیگ ن کسی سیاسی جماعت سے اتحادنہیں کریگی: پرویز رشید

اسلام آباد:(اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن کسی سیاسی جماعت سے اتحادنہیں کریگی ‘خودکش حملے اور دہشت گردی کرنے والوں کا دین اسلام اور پاکستان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے‘بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے تشخص کو خراب کرنے والوں کی پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں ۔وہ کرال چوک کے قریب دربا ر عالیہ بساہاں شریف کے زیب نشین و مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے نائب صدر پیر محمد علی رضا کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر سید آصف کرمانی اور اسلام آبادکے ڈپٹی میئر چوہدری مہر رفعت کے علاوہ آزاد کشمیر کے علماء مشائخ اور درگاہوں کے سجادہ نشینوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے کہا کہ مزاروں پر جا کر جو رقت طاری ہوتی ہے وہ دراصل دل اور روح کی صفائی کا سبب بنتی ہے ‘جید علماء کرام ‘مشائخ عظام اور درگاہوں کے ساتھ میرا ایک گہرا رشتہ ہے جو ہر آنے والے دن مضبوط ہوتا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ درگاہیں تو دلوں کو جوڑ دیتی ہیں ‘درگاہوں سے ہمیشہ امن و آشتی اور محبت کا پیغام جاری ہوتا ہے‘ لیکن یہ خودکش جیکٹ پہنے ہوئے سکولوں ‘کالجز ‘یونیورسٹیوں ‘مساجد ‘مدارس اور مذہبی عبادتگاہوں کو نشانہ بنانے والے کہاں سے آگئے ہیں‘یہ عناصر پاکستان اور قوم کے دشمن ہیں اور یہی عناصر عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص خراب کررہے ہیں ‘حکومت ‘پاک فوج اور سکیورٹی فورسز ملکر دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کررہی ہیں ‘جس کی وجہ سے دہشت گردی کی کارروائیوں میں کافی حد تک کمی آئی ہے ۔وزیراطلاعات ونشریات نے کہا کہ ہمیں اس بات پر اطمینا ن ہے کہ علماء و مشائخ کی دعاؤں اور نیک تمنائیں ہمارے ساتھ ہیں ‘پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں بھرپور انداز سے کامیابی حاصل کریگی ۔انہوں نے کہا کہ کارکنوں کے اصرار پر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر نے فیصلہ کیا ہے کہ آزاد کشمیر کی ہر سیٹ پر مسلم لیگ ن کا امیدوار کھڑا ہوگا ‘کسی بھی سیٹ پر کسی جماعت کے ساتھ سیٹ ایڈجسمنٹ نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ جب معاشرہ درگاہوں سے تعلق مضبوط کر لیتا ہے تو دہشت گردی ‘خودکش حملے ‘ سازشیں خود بخود ناکام ہوجاتی ہیں ‘جب بھی درگاہوں سے ناطہ ٹوٹا تو ملک میں دہشت گردی اور طرح طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا ۔