اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات ونشریات کے چیئرمین سینٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری، نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان ہمیشہ غلط کام کے لئے اکھٹے ہوتے ہیں، یہ ہمیشہ ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ دینے کے لئے مل جاتے ہیں، کاش کبھی ٹھیک کام کے لئے بھی اکھٹے ہو جائیں۔ منگل کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سمیت دیگر فورمز پر ایک دوسرے کو بچاتے ہیں اور کبھی ایک دوسرے کا احتساب نہیں کرتے، چارٹر آف کرپشن، جس کو یہ چارٹر آف ڈیموکریسی کہتے ہیں، کے تحت ایک دوسرے کے بندے احتساب کے لئے لگا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹنرشب کو 24 ہزار ارب روپے کے قرضوں کا حساب دینا ہے جو گزشتہ دس سالوں میں انہوں نے لوٹے، انہیں کرپشن، منی لانڈرنگ اور ملک سے باہر اربوں روپے کی جائیدادوں کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ان کے اس طرز سیاست کا وقت ختم ہو چکا ہے، احتساب ہی وہ واحد راستہ ہے جو پاکستان کو آگے لیکر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک آگے جائے گا، لوٹی دولت واپس لانی ہے، یہ مفاد پرست جماعتیں ایک طرف ہیں اور قوم و عمر ان خان ایک طرف ہیں۔