خبرنامہ پاکستان

آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا الیکشن لڑنے کا اعلان

لاڑکانہ:(ملت+اے پی پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اپنے اور بلاول بھٹو زرداری کے ایک ساتھ موجودہ پارلیمنٹ میں جانے کا اعلان کردیا ہے۔ گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کی نویں برسی کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کو بچانے کےخاطر پارٹی نے قربانیاں دیں ہیں، ہم مغل بادشاہ کونہیں چھوڑیں گے۔ میں اوربلاول بھٹو موجودہ پارلیمنٹ میں جائیں گے، میں نواب شاہ سے جب کہ بلاول لاڑکانہ سے اپنی والدہ کی نشست سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ آصف زرداری نے وزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف وہ دن یاد کریں جب میں نے اپنے تمام اختیارات پارلیمنٹ کو تفویض کردیئے۔ نواز شریف 18ویں ترمیم کے بعد سب کچھ بھلا بیٹھے ہیں۔ نوازشریف الیکشن جیتے نہیں تھے بلکہ ہم نے انہیں امانت کے طور پر اقتدار سونپا تھا۔ ہم چاہتےہیں آپ تاریخ میں اپنی عزت بنائیں لیکن کشمیری جانیں دے رہے ہیں اور آپ مودی کے ساتھ کھانا کھارہے ہیں۔