خبرنامہ پاکستان

آصف زرداری کا رویہ ان کی پارٹی ترامیم میں رکاوٹ ہے، سعد رفیق

آصف زرداری کا رویہ ان کی پارٹی ترامیم میں رکاوٹ ہے، سعد رفیق
لاہور:×(ملت آن لائن) وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا ہے کہ نئی حلقہ بندیوں میں آصف زرداری کی پارٹی رکاوٹ بن گئی ہے۔ لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125 میں پارٹی کارکنوں و عہدے داروں سے خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سیاسی لوگوں کو سیاسی لڑائی لڑتے ہوئے ذاتی لڑائی نہیں لڑنا چاہیے، نئی حلقہ بندیوں میں آصف زرداری کی پارٹی رکاوٹ بن گئی ہے، آصف زرداری کا رویہ بہت پراسرار ہے ان کی پارٹی نے جائز ترامیم کی راہ میں بھی رکاوٹ ڈالی ہوئی ہے، پیپلز پارٹی کا مسئلہ یہ ہے کہ اگر الیکشن بروقت ہوئے تو انہیں وفاق میں اپنا کوئی کردار نظر نہیں آتا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پچھلے چار برس سے کچھ لوگ منفی سیاست کر رہے ہیں۔ سیاسی مخالفین کو کہتے ہیں کہ وقت سے پہلے الیکشن نہیں ہوں گے اگر ایسا ہوا تو اس کے ذمہ داروں کو ہم کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔ عمران خان نے سیاست میں بہت گند ڈالا ہوا ہے، وہ الہڑپن چھوڑ کر بڑے ہوجائیں۔ ہم نہیں چاہتے کہ ہم سب کو کسی وقت ٹرک پر بیٹھنا پڑ جائے۔ ہمیں فیئر ٹرائل کا حق نہیں مل رہا، یوسف رضا گیلانی کی نااہلی سے متعلق عدالتی فیصلے پر ہمیں تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار کی باتوں پر ہمیں تحفظات ہیں، پاکستان میں تبدیلی ووٹ کے ذریعے ہی آنا ضروری ہے۔دوسری جانب سعد رفیق نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں،آئین کا دفاع اور عوام کے حقِ حاکمیت کا تحفظ ہمارا اولین فرض ہے۔ قومی سلامتی، ترقی اوراستحکام آئین کی حکمرانی اور جمہوریت کے تسلسل سے مشروط ہیں۔ قوم کو جمہوریت سے متنفر کرنے کی سوچ کو ماضی کی طرح شکست ہو گی۔ سازشیں، جبر اور فیصلے مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کو قوم کی خدمت سے روک نہیں سکتے۔