خبرنامہ پاکستان

آصف زرداری کو اے آر وائی گولڈ اور ارسز ٹریکٹرز ریفرنس میں بری کرنے کا اصل ریکارڑطلب

اسلام آباد:(اے پی پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کو اے آر وائی گولڈ اور ارسز ٹریکٹرز ریفرنس میں بری کرنے کا اصل ریکارڑ طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دی۔ جمعرات کو عدالت عالیہ کے جسٹس نورالحق این قریشی اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے قومی احتساب بیورو( نیب) کی جانب سے دائر دو اپیلوں کی سماعت کی جن میں سابق صدر آصف علی زرداری کو اے آر وائی گولڈ اور ارسز ٹریکٹر ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے بری کئے جانے والے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے ۔دوران سماعت نیب کے پراسیکوٹر عدنان طاہر عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ جس احتساب عدالت نے آصف علی زرداری کی بریت کے احکامات جاری کئے ہیں وہ اس کے دائر اختیار میں نہیں تھا نیب ریفرنس پہلے راولپنڈی کی عدالت میں زیر سماعت تھے اور انہیں اسلام منتقل کرنے کے لئے قانونی تقاضے پورے نہیں کئے گئے۔ عدالت نے ریفرنس کا اصل ریکارڑ طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دی۔