خبرنامہ پاکستان

آف شور کمپنیز کیس: علیم خان 29، مونس الہٰی 30 جنوری کو نیب آفس میں طلب

آف شور کمپنیز

آف شور کمپنیز کیس: علیم خان 29، مونس الہٰی 30 جنوری کو نیب آفس میں طلب

لاہور: (ملت آن لائن) آف شور کمپنیز کیس میں علیم خان کو 29 اور مونس الہٰی کو 30 جنوری کو نیب لاہور آفس میں طلب کر لیا گیا۔ نیب کی جانب سے ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ آف شور کمپنیوں کا شور ابھی تھما نہیں۔ نواز شریف کے ساتھ ساتھ اب دیگر سیاستدن بھی ریڈار پر آنے لگے ہیں۔ نیب لاہور نے پی ٹی آئی رہنماء علیم خان کو طلب کر لیا ہے۔ علیم خان کو 29 جنوری کی صبح 10 بجے پیش ہونے کا کہا گیا ہے جبکہ رہنماء قاف لیگ اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے مونس الہٰی کو 30 جنوری بروز منگل صبح ساڑھے 10 بجے طلب کیا گیا ہے۔

…………………………

اس خبر کو بھی پڑھیے…انکوائریوں کو انجام تک پہنچایا جائے، چیئرمین نیب

اسلام آباد: (ملت آن لائن) نیب ایگزیکٹو بورڈ نے کئی اہم مقدمات میں انکوائریوں اور تحقیقات کا حکم دے دیا۔ چیئرمین نیب نے ہدایت کی ہے کہ تمام پرانی انکوائریوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے، غیرضروری التواء برداشت نہیں کیا جائے گا۔ چیئرمین جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس ہوا۔ بورڈ نے کامران کیانی کی کمپنی کے خلاف تحقیقات جاری رکھنے، گرینڈ حیات سکینڈل کی تحقیقات کرنے اور تمام این جی اوز کی انکوائری کا بھی فیصلہ کیا۔ چیئرمین نیب نے پرانی انکوائریوں اور تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانے کا حکم بھی دیا۔ میسرز ایلیشم ہولڈنگز پاکستان لمیٹڈ کے سابق چیف ایگزیکٹو کامران کیانی، چیف ایگزیکٹیو حماد ارشد اور ملزمان وسیم اسلم بٹ پر غیرقانونی طور پر ڈی ایچ اے اسلام آباد کے ناقابل فروخت الاٹمنٹ سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کا الزام ہے۔ این جی اوز نے مبینہ طور پر مقامی اور بین الاقوامی فنڈز کا درست استعمال نہیں کیا۔ سی ڈی اے افسران اور میسرز بی این پی گروپ پر قومی خزانے کو 2 ارب روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ نے چیف ایگزیٹو آفیسر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی محمد اسلم افغانی، سابق سپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی اور دیگر کیخلاف انکوائری کی بھی منظوری دی۔ اس سے پہلے چیئرمین نیب نے کھلی کچہری میں شہریوں کی شکایات بھی سنیں اور احکامات جاری کئے۔