خبرنامہ پاکستان

آپریشن رد الفساد، ایک مشکوک شخص گرفتار

آپریشن رد الفساد، ایک مشکوک شخص گرفتار

راولپنڈی:(ملت آن لائن) سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے خفیہ اطلاعات کی روشنی میں سواں اڈے کے اطراف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران ایک مشکوک شخص کو حراست میں لے لیا۔ راولپنڈی کے علاقے سواں اڈے اوراس کے اطراف میں سیکیورٹی فورسزنے آپریشن رد الفساد کے تحت خفیہ اطلاع پرسرچ آپریشن کیا، کارروائی میں پاک فوج، رینجرز اور پولیس کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ سرچ آپریشن کے دوران 97دکانوں، 33 گھروں اور 5 ہوٹلوں کی مکمل تلاشی لی گئی جب کہ 37 افراد کے شناختی کوائف کی جانچ پڑتال بھی کی گئی۔ کارروائی کے دوران ایک مشکوک شخص کو حراست میں لیا گیا ہے جسے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

…………………..

اس خبر کو بھی پڑھیے…جنگ کیلیے ہمہ وقت تیار رہنے کی ضرورت ہے، نیول چیف

کراچی:(ملت آن لائن) چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفرمحمود عباسی کا کہنا ہے کہ موجودہ وسائل میں ہمیں جنگ کیلیے ہمہ وقت تیار رہنے اور اپنی آپریشنل استعداد مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ پاک بحریہ کی جانب سے پی این ایس جوہرکراچی میں ٹیکنیکل سیمینار کا انعقاد کیا گیا،2روزہ سیمینار کے پہلے دن کے فائنل سیشن کے مہمان خصوصی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تھے،ٹیکنیکل سیمینار میں پاک بحریہ کے پیشہ وارانہ امور پر تحقیقی مقالے پیش کیے گئے۔ تقریب سے خطاب میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھاکہ گوادر کی اسٹریٹجک اہمیت کے پیش نظر پاک بحریہ کی ملک کے مغربی ساحل کی جانب توسیع ضروری تیکنیکی اعتبار سے مضبوط اور بہتر نیوی وقت کا تقاضا ہے، مستقبل میں گوادر کی اہمیت کراچی سے بڑھ جائے گی، میری ٹائم سیکٹرکی ترقی سے ملک کو خاطرخواہ زر مبادلہ حاصل ہو سکتا ہے،پاکستان میں میری ٹائم تعلیم کے ادارے ضروری ہیں تاکہ اس شعبے سے متعلق ماہراور پیشہ ور افراد دستیاب ہوسکیں، سیمینار میں پاک بحریہ کے افسران، سی پی اوز اورسیلرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔