خبرنامہ پاکستان

آپریشن کےبعد وزیراعظم اسی جوش وجذبےسےذمہ داریاں نبھائیں گے:ترجمان

اسلام آباد (آئی این پی) ترجمان وزیراعظم ہاؤس نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف وفاقی وزراء، کابینہ ارکان اور دیگر متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں، ریاستی امور چلانے سے متعلق معاملات میں قطعاً کوئی التواء یا تاخیر نہیں ہو رہی، وزیراعظم کو پاکستان میں امور کی نگرانی کیلئے پرنسپل سیکرٹری، ملٹری سیکرٹری اور دیگر سٹاف کی معاونت حاصل ہے، آپریشن کے بعد وزیراعظم نواز شریف اسی جوش و جذبے سے ریاستی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ ہفتہ کو ترجمان وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نواز شریف کا لندن میں دل کا آپریشن ہو گا، وزیراعظم کو ان کے معالجین نے دل کے آپریشن کا مشورہ دیا تھا، وزیراعظم نواز شریف آپریشن کے بعد معالجین کی مشاورت سے وطن واپسی کا فیصلہ کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم لندن میں رہ کر بھی پاکستان کے امور کی نگرانی کر رہے ہیں، وزیراعظم نواز شریف کو پرنسپل سیکرٹری، ملٹری سیکرٹری اور دیگر سٹاف کی معاونت حاصل ہے، وزیراعظم نواز شریف وفاقی وزراء، کابینہ ارکان اور دیگر متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات بھی جاری کر رہے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم تمام امور کی نگرانی کر رہے ہیں اور ان کی ہدایات متعلقہ حکام تک پہنچائی جا رہی ہیں، ریاستی امور چلانے سے متعلق معاملات میں قطعاً کوئی التواء یا تاخیر نہیں ہو رہی، آپریشن کے دوران وزیراعظم کا معمول کی سرگرمیاں جاری نہ رکھنا فطری عمل ہے، آپریشن کے بعد وزیراعظم آپریشن کے بعد وزیراعظم اسی جوش و جذبے سے ریاستی ذمہ داری نبھائیں گے۔(اح)