خبرنامہ پاکستان

احتجاج کی آڑ میں پس پردہ مذاکرات رسم آصف زرداری کی ایجاد ہے: شاہ محمود

اسلام آباد (ملت + آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ رحمان ملک کا بیان سراسر جھوٹ اور انکی ذہنی اختراع ہے،تحریک انصاف کسی بیک ڈور چینل پر یقین رکھتی ہے نہ کسی ایسے چینل کا سہارا لے گی، احتجاج کی آڑ میں پس پردہ مذاکرات اور سیاسی لین دین کی قبیح رسم آصف زرداری کی ایجاد ہے ، رحمان ملک زرداری صاحب کی عینک سے سیاست کا مطالعہ کرتے ہیں۔ ہفتہ کو رحمان ملک کے بیان کی تردید کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان نے کہاکہ زرداری کی ہدایت پر رحمان ملک نون لیگ کی پراپیگنڈہ مشینری کو سہارا دینے آگے بڑھے ہیں۔انہوں نے کہاکہ احتجاج کی آڑ میں پس پردہ مذاکرات اور سیاسی لین دین کی قبیح رسم زرداری کی ایجاد ہے۔انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس پر بھی زرداری صاحب کھل کر سامنے آنے کی بجائے آنکھ مچولی کھیلنے میں مصروف ہیں۔عمران خان آصف زرداری کی طرح سیاست نہیں بلکہ وزیر اعظم کا احتساب چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کے احتساب کیلئے بیک ڈور چینلز کی نہیں سامنے سے مقابلے کی جرات درکار ہے۔وزیر اعظم کے احتساب اور حزب اختلاف کے مشترکہ ضوابط کار کی روشنی میں پانامہ لیکس کی تحقیقات سے کم کوئی مقصد ہے نہ مطالبہ، ترجمان نے کہاکہ رحمان ملک اور انکے قائد دبئی میں بٹھ کر جمع تفریق کریں تحریک انصاف سے اس کی توقع مت کریں۔2 نومبر کو اسلام آباد میں لاکھوں پاکستانیوں سے وزیر اعظم کے مستقبل کا فیصلہ کروائیں گے۔