خبرنامہ پاکستان

احتساب بیوروکی جگہ کمیشن بنانے پرغورکیاجا رہا ہے: زاہد حامد

لاہور(آئی این پی) وفاقی وزیر قانون زاہد حامدنے کہا ہے کہ احتساب بیورو کی جگہ احتسا ب کمیشن بنانے پر غور کیا جا رہا ہے‘غیر ت کے نام پر قتل کیخلاف قانون کابل قومی اسمبلی کے اگلے سیشن میں منظور کر لیا جا ئیگا ‘جنسی تشدد کیخلاف بھی بل تیار ہو چکا ہے‘پاکستان کے عدالتی کوڈ پر نظر ثانی کررہے ہیں‘سول کیسز کا فیصلہ 2 سال ،کرمنل کیسز کا فیصلہ ڈیڑھ سال میں ہوجائے گا‘شام کی عدالتیں قائم کرنے پر غور ہورہا ہے‘کیسز کے فیصلوں میں غیر ضروری تاخیر پر جرمانے کیے جائیں گے‘الیکٹر نک ووٹر مشنین منگوالی گئیں ہیں ضمنی انتخابات میں استعمال کر یں گے ‘قانون میں اصلاحات کے حوالے سے کام جاری ہے ۔ ہفتے کے روز لاہور میں سپر یم کورٹ بارایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کے موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون زاہد حامدنے کہا کہ بائیو میٹرک سسٹم کے تحت انتخابات کروانے کا معاملہ انتہائی پیچدہ ہیں کیونکہ اس کیلئے ہمیں ووٹرز کو بھی تر بیت دینا ہوگی لیکن الیکٹرنک طر یقے سے ووٹنگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے مشینیں منگوائی لی ہیں جن کو تجر بہ کے طور پر ضمنی انتخابات میں استعمال کیا جا ئیگا جسکے بعد انکو مزید استعمال کر نے کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی فلا ح وبہبود کیلئے قانون سازی کر نے کے ساتھ ساتھ جرائم کے خاتمے اور اس کے روک تھام کیلئے بھی قانون سازی پر توجہ دے رہی ہے اور ہم نے غیر ت کے نام پرقتل کے خلاف بل تیار کر لیا ہے اور اس بل کو قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں منظور بھی کروالیا جا ئیگا ۔ ایک سوال کے جواب میں و فاقی وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ احتساب بیور و کی جگہ کمیشن بنانے کے حوالے سے بھی غور کیا جا رہا ہے ۔