خبرنامہ پاکستان

احتساب عدالت نے حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دیدیا

احتساب عدالت نے حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دیدیا

اسلام آباد(ملت آن لائن)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز پر عدم پیشی کے باعث حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دے دیا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آج نیب ریفرنسز پر سماعت کی جس میں کیپٹن (ر) صفدر اور مریم نواز عدالت میں پیش ہوئے جس کے بعد عدالت نے محمد صفدر کی ضمانت کی درخواست منظور کرلی۔

نیب نے دوران سماعت عدالت میں استدعا کی کہ حسن اور حسین نواز کا ٹرائل الگ کیا جائے اور انہیں اشتہاری قرار دیا جائے۔

نیب کی جانب سے حسن اور حسین نواز کے وارنٹ گرفتاری کی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔

عدالت نے نیب کی استدعا پر حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دیا اور 3 نیب ریفرنسز میں حسن اور حسین نواز کامقدمہ الگ کرنےکی ہدایت کی ہے۔

احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس، العزیزیہ اسٹیل مل اور فلیگ شپ انویسمنٹ میں فرد جرم عائد کرنے کے لیے 13 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔
دوران سماعت عدالتی حکم پر مریم نواز نے 50 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرادیے اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو 50 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دیا گیا۔

احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کا ٹرائل الگ کرتے ہوئے دیگر ملزمان حسن اور حسین نواز کی کارروائی الگ کردی۔

عدالت نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر پر فرد جرم کے لئے 13 اکتوبر کی تاریخ مقرر کردی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف آج عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے تاہم ان کی جانب سے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران سابق وزیراعظم کے وکیل نے عدالت میں نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کے ساتھ کلثوم نواز کی میڈیکل رپورٹ بھی جمع کرائی۔