خبرنامہ پاکستان

احستاب اداروں کی ذمہ داری، عمران سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کریں، طلال

اسلام آباد ۔ 26 اکتوبر (ملت + اے پی پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ احستاب اداروں کی ذمہ داری ہے، عمران خان سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کریں۔ایک نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے خطاب میں سپریم کورٹ کو نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کے حوالے سے فیصلہ بھی سپریم کورٹ نے کیا ہے جسے انھوں نے تسلیم نہیں کیا۔ طلال چوہدری نے کہا کہ اگر عمران اداروں پر یقین نہیں رکھتے اور انکے فیصلوں کو بھی تسلیم نہیں کرتے توپھر دھرنوں ارو مارچ کا کیا مطلب ہے ، انھوں نے کہا کہ اصل میں ان کے دھرنے ہی سپریم کورٹ اور الیکشن کمشن کے خلاف ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جب انسان کے پاس ثبوت نہ ہوں اور وہ اپنے کیس کو ثابت نہ کر سکے تو اسی طرح کے کھیل کھیلتا ہے تاکہ سیاسی طور پر فوائد حاصل کر سکے۔ انھوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات کے حوالے سے زبان خلق کہتی ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی کامیاب ہو گی اس وجہ سے عمران خان کو اپنی مقبولیت گرتی ہوئی نظر آرہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ الیکشن میں دھاندلی کی طرح کرپشن کا ڈھونگ رچایا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ انصاٖف عدالتوں اور اداروں میں جانے سے ملتا ہے خان صاحب کو عدالتوں پر اعتماد ہے تو فیصلے کا انتظار کریں۔