خبرنامہ پاکستان

احمد شہزاد کے ڈوبتے کیریئر کو سنچری سے سہارا مل گیا

احمد شہزاد کے ڈوبتے کیریئر کو سنچری سے سہارا مل گیا
لاہور:(ملت آن لائن) احمد شہزاد کے ڈوبتے کیریئر کو سنچری سے سہارا مل گیاانہوں نےقومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں فاٹا کیخلاف ناقابل شکست 104 رنز بنا دیے۔
احمد شہزاد مختصر طرز میں چار تھری فیگر اننگز کھیلنے والے واحد پاکستانی بیٹسمین ہیں۔ ان کی ٹیم لاہور بلوز نے صرف ایک وکٹ پر221کا پہاڑ کھڑا کیا،محمد حفیظ نے 19گیندوں پر ففٹی جڑدی، حریف ٹیم ابتدا میں مار دھاڑ کے باوجود 10رنز پیچھے رہ گئی۔خوشدل شاہ جارحانہ56 اور مختار احمد47رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔لاہور وائٹس نے فیصل آباد کیخلاف 10 رنز کی فتح کے ساتھ فائنل میں رسائی حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 7 وکٹ پر 142 رنز بنائے، سلمان بٹ 40، عمر اکمل 35اور کامران اکمل 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، فیصل آباد کی ٹیم 19.4 اوورز میں 132 پر ہمت ہار گئی، صہیب مقصود نے 39 رنز بنائے۔
راولپنڈی میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں فاٹا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا،احمد شہزاد اورامام الحق جارحانہ انداز سے کھیلتے رہے،ٹیم نے 10اوورز میں ہی سنچری مکمل کرلی،امام الحق 42 گیندوں پر 62رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو محمد حفیظ قہر بن کر بولرز پر ٹوٹ پڑے،انھوں نے 19گیندوں پر ففٹی مکمل کی۔احمد شہزاد104پر ناٹ آؤٹ رہے،اوپنر نے اپنی اننگز میں 59گیندوں کا استعمال کیا اور 13چوکے و2چھکے لگائے،لاہور بلوز نے صرف ایک وکٹ گنواکر 221رنز کا پہاڑ کھڑا کیا۔جواب میں فاٹا نے بھی جارحانہ آغاز کیا،مختار احمد صرف 22گیندوں پر 47کی اننگز کھیل کر آغا سلمان کی گیند پر خالد عثمان کو کیچ دے کر رخصت ہوئے،نوید ملک نے 7گیندوں پر 25رنز بٹور لیے تھے کہ آغا سلمان اور احمد شہزاد کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوگئے،حماد اعظم(17) کو اعزاز چیمہ نے امام الحق کی مدد سے دھر لیا،آخری 4اوورز میں 55رنز درکار تھے کہ سہیل اختر(13) رن آؤٹ ہوگئے،خوشدل شاہ کی 32گیندوں پر مشتمل 56رنز کی جارحانہ اننگز حسین طلعت نے احمد شہزاد کی معاونت سے تمام کی تو فاٹا کے ارمانوں پر پانی پھرنے لگا،آصف آفریدی(4)کو اعزاز چیمہ نے آغا سلمان کی مدد سے جکڑ لیا،حیات اللہ بغیر کھاتہ کھولے رن آؤٹ ہوئے۔
فاٹا کی ٹیم 8وکٹ پر 211رنز تک محدود رہی، اعزاز چیمہ،آغا سلمان اور حسین طلعت نے 2،2شکار کیے۔ قبل ازیں پہلے سیمی فائنل میں فیصل آباد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، کامران اکمل نے لاہور وائٹس کی جانب سے اچھا آغاز فراہم کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 30 رنز بنائے، وہ اوپنر عمران خالد کی گیند پر گوہر علی کو کیچ دے کر رخصت ہوئے تو سلمان بٹ (40)کو یاسر شاہ نے بولڈ کردیا، سمیع اسلم (10) رن آؤٹ ہو گئے، رضا علی ڈار (15) کو سعید اجمل نے صاحبزادہ فرحان کی مدد سے دھر لیا، عامر یامین (2) بھی رن آؤٹ ہو گئے، عمید آصف (2) کو بولڈ کرنے کے بعد اسد علی نے بلال آصف کو کھاتہ کھولنے سے قبل ہی علی وقاص کا کیچ بنوا دیا، وکٹیں تیزی سے گرنے کی وجہ سے لاہور وائٹس کا بڑے اسکور کا خواب پورا نہ ہو سکا، عمر اکمل (35) اور وہاب ریاض (3) پر ناٹ آؤٹ رہے۔
ٹیم نے 7 وکٹ پر 142 رنز بنائے، اسد علی نے 2 جبکہ یاسر شاہ، سعید اجمل اور عمران خالد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں فیصل آباد نے ان فارم بیٹسمین صاحبزادہ فرحان (7) کی وکٹ دوسرے ہی اوور میں گنوا دی، احسان عادل نے انھیں عمر اکمل کی مدد سے میدان بدر کیا، گوہر علی (15) وہاب ریاض اور آصف علی کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے، آصف علی (12) کو بلال آصف نے کامران اکمل کا کیچ بنوا دیا، صہیب مقصود نے 31 گیندوں پر 39 رنز بنائے، عامر یامین نے انھیں وکٹ کیپر کی معاونت سے پویلین بھیجا، 95 کے مجموعی اسکور پر خرم شہزاد (14) رن آؤٹ ہوئے، اگلے ہی اوور میں علی وقاص (9) کو وہاب ریاض نے بولڈ کر دیا۔
سعید اجمل کھاتہ کھولنے سے قبل ہی رن آؤٹ ہو گئے، فیصل آباد کو آخری 2 اوورز میں فتح کیلیے 18درکار تھے کہ 12 گیندوں پر 24 رنز بنا کر فتح کی امیدیں زندہ رکھنے والے عمران خالد ہمت ہار گئے، انھیں عمید آصف نے احسان عادل کا کیچ بنوا دیا، پیسر نے تیسری گیند پر یاسر شاہ (5) کو سلمان بٹ کی مدد سے میدان بدر کیا، آخری اوور میں احسان عادل کی نو بال پر اسد علی (2) رن آؤٹ ہو گئے، فیصل آباد کی کوشش 19.4 اوورز میں 132 تک محدود رہی، وہاب ریاض اور عمید آصف نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔فائنل جمعرات کو لاہور وائٹس اور بلوز کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔