خبرنامہ پاکستان

اختلاف کو نفرت میں بدلنے والا رویہ قوم کے لیے تباہ کن ثابت ہو گا، صدر ممنون حسین

اختلاف کو نفرت

اختلاف کو نفرت میں بدلنے والا رویہ قوم کے لیے تباہ کن ثابت ہو گا، صدر ممنون حسین

لاہور:(ملت آن لائن) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ اختلافات کو نفرت میں بدلنے والا رویہ قوم کے لیے تباہ کن ثابت ہو گا۔ صدر مملکت کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ملک میں عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رجحان پر دکھی ہوں اور عدم برداشت کا رجحان ملک کو تباہی کی طرف گامزن کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ عدم برداشت کے سدباب کے لیے قوم یکجا ہو جائے کیونکہ اختلاف شائستگی کی حدود سے نکل جائے تو معاشرہ فساد فی الارض کا شکار ہوجاتا ہے اور اس صورت میں ہوش و خرد کی آواز دب جاتی ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف پر جوتا پھینک دیا گیا
ان کا کہنا تھا کہ عدم برداشت کا خاتمہ نہ ہوا تو نا کسی فرد کی عزت محفوظ رہے گی اور نا کسی ادارے کی، عدم برداشت پر قابو نہ پایا گیا تو دہشت گردی کیخلاف کامیابی ناکامی میں بدل سکتی ہے۔ صدر مملکت کا بیان میں مزید کہنا تھا کہ قوم میثاق اخلاق پر متحد ہوجائے اور قوم معاشرے کو عدم رواداری اور تشدد سے پاک کرنے کے لیے ایک دوسرے کا ہاتھ تھام لے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر شہری کے جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کرے اور تمام طبقات اختلاف کا اظہار دینی تعلیمات اور آئین کی حدود کے اندر رہتے ہوئے کریں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر خارجہ خواجہ آصف پر سیالکوٹ میں تقریب کے دوران سیاہی پھینکی گئی تھی جبکہ آج لاہور کے جامعہ نعیمیہ میں ہونے والی تقریب میں سابق وزیر اعظم نواز شریف پر جوتا پھینکا گیا تھا۔