خبرنامہ پاکستان

اربوں روپے مالیت کے پارکوں پر قبضے کا انکشاف

اربوں روپے مالیت کے پارکوں پر قبضے کا انکشاف

کراچی:(ملت آن لائن) چائناکٹنگ اور قبضہ مافیا نے پارکس، کھیل کے میدان، رفاہی پلاٹس کچھ نہیں چھوڑا، ہل پارک، عزیز بھٹی پارک اور جھیل پارک سمیت اربوں روپےمالیت کے آٹھ بڑے پارکس پر بھی قبضے کا انکشاف ہوا، جس سے شہری گہری تشویش میں مبتلا ہوگئے۔ کراچی میں چائناکٹنگ اور قبضہ مافیا بے لگام، اربوں روپے مالیت کے آٹھ بڑے پارکس پر بھی قبضے کا انکشاف ہوا، کراچی میں اربوں روپے مالیت کے آٹھ بڑے پارکوں پر قبضے کا انکشاف ہوا، جن میں ہل پارک، عزیز بھٹی پارک، جھیل پارک، سٹی پارک سمیت دیگر شامل ہیں۔ کراچی میونسپل کارپوریشن کی دستاویزات کے مطابق تمام پارکوں پر چائناکٹنگ اور غیر قانونی الاٹ منٹ کی گئی، ہل پارک پر کے ڈی اے نے بیالیس پلاٹ غیرقانونی الاٹ کئے، پی ای سی ایچ ایس میں سات پلاٹ غیرقانونی الاٹ کئے گئے جبکہ ہل پارک کی زمین پر شادی ہال، دکانیں، سنیما تعمیرات کیے گئے۔ دستاویزات میں انکشاف کیا گیا کہ عزیز بھٹی پارک میں شادی لان، کلب کو غیر قانونی طور پر الاٹ کیا گیا، جھیل پارک میں چھ ایکڑ اراضی پر ایک سوسائٹی نے قبضہ کیا، جبکہ احمد علی پارک پر واٹر بورڈ اور لینڈ گریبرز نے قبضہ کیا ہے۔ سامنے آنے والی دستاویزات اسی طرح سٹی پارک کی تیس ایکٹر اراضی پر قبضہ مافیا نے چائناکٹنگ کی،نیشنل پارک کو ایک سوسائٹی اور قبضہ مافیا نے ٹھکانے لگایا۔ برما گارڈن پر سیاحتی ادارے نے قبضہ کیا اور لا کالج تعمیر ہوا اور بلک پارک کلفٹن پر ایک کالونی کی تعمیرات ہوئیں۔ سستی تفریح کا حق مسلسل چھینے جانے پر شہری گہری تشویش میں مبتلا ہیں۔