خبرنامہ پاکستان

ارکان پارلیمنٹ کا بلوچستان کیلئے ترقیاتی پیکج کے اعلان کا خیرمقدم

ارکان پارلیمنٹ کا بلوچستان کیلئے ترقیاتی پیکج کے اعلان کا خیرمقدم
اسلام آباد: (ملت آن لائن) ارکان پارلیمنٹ نے وزیراعظم کی جانب سے بلوچستان کیلئے ترقیاتی پیکج کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ بدھ کو ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقہار خان ودان نے کہاکہ اس پیکج سے بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے لئے وزیراعظم کی جانب سے اعلان کئے گئے ترقیاتی پیکج سے ملک کے دوسرے حصوں کی طرح بنیادی ضروریات کیلئے سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی بیگم پروین بھٹی نے کہاکہ حکومت دور دراز علاقوں کی ترقی کے لئے کام کررہی ہے اور بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کئے گئے ترقیاتی پیکج میں بلوچستان کی تمام یونین کونسل میں گیس، تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔ بلوچستان سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی کرن حیدر نے کہاکہ صوبائی حکومت نے اس پیکج کی تجویز دی تھی جس پر وفاقی حکومت نے اتفاق کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حکومت وعدے کے مطابق بلوچستان کو فنڈز فراہم کرے گی۔